یوایس اوپن؛ کوالیفائر ایماریڈو کینو چیمپئن بن گئیں

اسپورٹس ڈیسک  پير 13 ستمبر 2021
ویمنزسنگلز گرینڈ سلم کیلیے 44 سالہ برطانوی انتظارختم، لیلیٰ فرنانڈس کو شکست ۔  فوٹو : انٹرنیٹ

ویمنزسنگلز گرینڈ سلم کیلیے 44 سالہ برطانوی انتظارختم، لیلیٰ فرنانڈس کو شکست ۔ فوٹو : انٹرنیٹ

 نیویارک: کم عمر کوالیفائر ایما ریڈوکینو چیمپئن بن گئیں، انھوں نے کیریئر کی اولین گرینڈ سلم ٹرافی جیت کر تاریخ رقم کردی۔

یوایس اوپن ویمنزسنگلز کی ٹرافی 18 سالہ ایما ریڈوکینو نے جیت لی، ایما نے برطانیہ کا گرینڈ سلم ٹرافی کے لیے 44 سالہ انتظار بھی ختم کردیا، انھوں نے اسٹریٹ سیٹ میں 6-4 اور6-3 سے کامیابی سمیٹی۔

ریڈوکینو نے دوسرے سیٹ میں ایک مرحلے پر 5-3 کی برتری لے رکھی تھی کہ ان کی ٹانگ پر کٹ پڑگیا، جس پر انھیں میڈیکل ٹائم آؤٹ لینا پڑا، اس موقع پر لیلی کی پریشانی عیاں تھی، تاہم ایما نے جلد ہی اپنی انجری پر قابو پاکر فتح کے انتظارکو طول دینے سے گریز کیا، کامیابی کے بعد ایما اپنے سپورٹ اسٹاف کے پاس خوشی منانے گئیں۔

ورجینیا ویڈ نے بھی ایما کی اس بے مثال کامیابی پر انھیں جذباتی انداز میں داد دی، ورجینیا نے 1977 میں آخری بار برطانوی گرینڈ سلم چیمپئن بننے کا اعزاز پایاتھا، ایما 2004 کے بعد اوپن ایرا میں پہلی کوالیفائر ہوتے ہوئے گرینڈ سلم جیتنے میں کامیاب ہوئیں۔

اس سے قبل یہ کارنامہ ماریا شراپووا نے انجام دیا تھا، وہ بغیر کوئی سیٹ ڈراپ کیے چیمپئن بننے میں کامیاب ہوئی ہیں، یہ کارنامہ 2014 میں سرینا ولیمز نے بھی انجام دے رکھا ہے، ایما کو ٹرافی کے ہمراہ 1.8 ملین پاؤنڈ کی خطیر انعامی رقم ملے گی، وہ اب پیر کو برطانیہ کی نمبرون پلیئر بنیں گی۔

دوسری جانب مکسڈ ڈبلز ٹائٹل برطانیہ کے جوئے سالسبری اور امریکی خاتون پلیئر ڈیزائر کریوزک نے جیت لیا، جوئے سالسبری گرینڈ سلم میں 2 ڈبلز ٹائٹلز جیتنی والے پہلے انگلش پلیئر بنے۔

اس سے قبل انھوں نے مینز ڈبلز ٹرافی بھی اپنے نام کی، جس میں ان کے شریک راجیو رام بنے، مکسڈ ڈبلز کے فائنل میں ان کی جوڑی نے گیولیانا اولموس اور ایل سلواڈور مارسیلو ایرویلو کو 7-5 اور6-2 سے قابو کرلیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔