ملیر سٹی پولیس کی کارروائی اہلیہ کو قتل کرنیوالا ملزم گرفتار

شمیم جمعہ کی صبح فرزانہ کو قتل کرکے فرار ہو گیا تھا، ملزم ٹیلر ماسٹر ہے

فرزانہ کی یادگار تصویر ۔ فوٹو : ایکسپریس

ملیر سٹی میں شوہر نے اہلیہ کو تیز دھار آلے کے وار کرکے قتل کردیا ، واقعے کے بعد ملزم فرار ہوگیا ۔

تاہم پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا ، تفصیلات کے مطابق ملیر سٹی کے علاقے جناح اسکوائر کے قریب نذر علی ٹاؤن میں شوہر اپنی اہلیہ کو تیز دھار آلے کے وار سے قتل کرکے فرار ہوگیا ، ملیر سٹی تھانے کے ایس ایچ او امتیاز نیازی کا کہنا ہے کہ ملزم شمیم جمعرات کو ہی نذر ٹاؤن کے ایک مکان میں منتقل ہوا تھا ، اس سے قبل وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ لانڈھی میں رہائش پذیر تھا۔




جمعہ کو علی الصبح اس نے اپنی اہلیہ 27 سالہ فرزانہ کو تیز دھار آلے کے وار کرکے قتل کردیا اور فرار ہوگیا ، وقوعہ کے وقت ان کے 4 بچے گھر میں موجود تھے جوکہ سورہے تھے ، صبح جب وہ سوکر اٹھے تو اپنی ماں کو خون میں لت پت پایا جس پر بچے رونا شروع ہوگئے ، رونے اور چیخنے چلانے کی آوازیں سن کر پڑوسی گھر میں داخل ہوئے۔

جنھوں نے فوری طور پر پولیس کو مطلع کیا ، پولیس نے لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کی ، کارروائی کے لیے جانے والے سب انسپکٹر آفتاب رند نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتولہ فرزانہ کا شوہر شمیم ٹیلر ماسٹر تھا لیکن وہ مستقل طور پر کوئی کام کاج نہیں کرتا تھا جس کی وجہ سے اس کی اہلیہ فرزانہ بھی مقامی فیکٹری میں ملازمت کرتی تھی ، انھوں نے بتایا کہ فرزانہ کے میکے والے بھی شمیم کی حرکتوں کی وجہ سے پریشان رہتے تھے ، فرزانہ نے ہی حالات سے مجبور ہوکر نذر علی ٹاؤن میں گھر منتقل کرنے کا کہا تھا جس پر وہ لوگ لانڈھی سے جمعرات کو ہی مذکورہ مکان میں منتقل ہوئے لیکن جمعہ کی صبح یہ واقعہ پیش آگیا ۔
Load Next Story