وزیراعظم پرویزاشرف آج مختصردورے پربھارت جائیں گے

اہلخانہ کیساتھ اجمیرشریف میں حاضری دینگے،بات چیت نہیں ہوگی،بھارتی وزارت خارجہ

پاکستانی وزیراعظم کی آمد سے قبل درگاہ اجمیر شریف کے قریب سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں ۔ فوٹو : اے ایف پی

وزیراعظم راجا پرویزاشرف اہل خانہ کے ہمراہ آج اجمیرشریف جائیں گے۔

جہاں وہ حضرت خواجہ معین الدین چشتی کے مزار پر حاضری دیں گے جبکہ بھارت نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے دورے میں باضابطہ بات چیت نہیں ہوگی۔ بھارت کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید اکبرالدین نے کہا کہ وزیراعظم راجا پرویزاشرف درگاہ اجمیرشریف پر حاضری کے لیے ہفتے کے روز بھارت آئیں گے۔




ان کے دورے میں سفارتی سطح پر کوئی باضابطہ بات چیت نہیں ہوگی۔ بھارتی وزیرخارجہ سلمان خورشید جے پور میں وزیراعظم پرویزاشرف کے لیے ظہرانے کا اہتمام کریں گے جس کے بعد وزیراعظم اجمیرشریف جائیں گے۔ زیارت کے بعد مہمان وزیراعظم اسلام آباد واپس روانہ ہوجائیں گے۔

بطور وزیراعظم یہ راجا پرویز اشرف کا پہلا دورہ بھارت ہے اور ایسے وقت ہورہا ہے جب لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کے باعث دونوں ملکوں کے تعلقات تناؤ کا شکارہیں۔ دریں اثنا درگاہ کے متولی زین العابدین علی خان نے وزیراعظم پاکستان کے دورے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر پاکستانی فوج کے ہاتھوں بھارتی فوجیوں کے قتل اور ایک کا سر تن سے جدا کردیے جانے کیخلاف احتجاجاً دورے کا بائیکاٹ کریں گے۔
Load Next Story