سادھوکی میں ایف آئی اے کی کارروائی 7 انسانی اسمگلر گرفتار

ایف آئی کا آپریشن، 142 پاسپورٹ، جعلی ویزے، دیگر دستاویزات برآمد

ملزمان کا تعلق منڈی بہاؤالدین، بھکراور بلوچستان سے ہے، حکام۔ فوٹو؛ فائل

ISLAMABAD:
ایف آئی اے نے سادھو کی میں کارروائی کرتے ہوئے 7 انسانی اسمگلروں کو گرفتار کرلیا۔

ایف آئی اے نے سادھو کی میں کارروائی کرتے ہوئے کرایے کے مکان میں مقیم 7 انسانی اسمگلروں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 142 پاسپورٹ، جعلی ویزے، اور دیگر دستاویز ات برآمد کرلیں۔


ڈپٹی ڈائریکٹر کی سربراہی میں سب انسپکٹر ایف آئی اے محسن وحید بٹ نے ٹیم کے ہمراہ خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارا، ملزمان ذاکرمحمد حسین، عمران خان، افضال، اقرار حسین، راجہ فاروق خان، فیصل امین، رشید خان کا تعلق منڈی بہاؤالدین، بلوچستان اور بھکر سے بتایا جاتا ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان لوگوں کو بزریعہ ہوائی جہاز ایران، عراق اور پھر وہاں سے غیر قانونی طریقوں سے ترکی اور یونان بھجواتے تھے۔

دوسری جانب ملزم ذاکر محمد حسین خان کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے نے اسے لاہور کے علاقہ تاج پورہ سے پکڑا، کسی کو بھی آج تک غیر قانونی طریقوں سے نہیں بھجوایا، ایف آئی اے جان بوجھ کر ان کو سانحہ تربت میں ملوث کررہی ہیں۔

نمائندہ ایکسپریس کے مطابق ایف آئی اے گجرات نے اطلاع ملنے پر کھاریاں اڈا پر چھاپہ مار کر غیر قانونی طریقے سے یونان جانے والے 7 نوجوانوں کو گاڑی سے اتار کر حراست میں لے لیا۔
Load Next Story