بلدیہ کے واجبات ادا نہ کرنیوالوں کیخلاف ایف آئی آر درج کرائی جائےہاشم رضا

بلدیہ کی 79مارکیٹوں کی دکانوں کے کرایے نہ ہونے کے برابرہیں،اضافے کیلیے تجاویزمرتب کی جائیں۔

بلدیہ کی 79مارکیٹوں کی دکانوں کے کرایے نہ ہونے کے برابرہیں،اضافے کیلیے تجاویزمرتب کی جائیں۔ فوٹو: فائل

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر سید ہاشم رضا زیدی نے کہا ہے کہ جو افراد کے ایم سی کے واجبات ادا نہ کریں۔

ان کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی جائیں اور جوافسران اہداف کے مطابق ریکوری میں ناکام رہیں گے۔

انھیں عہدوں سے فارغ کردیا جائے گا، یہ بات انھوں نے بلدیہ عظمیٰ کے مختلف محکموں کی ریکوری کی بہتری کے لیے بلائے گئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اجلاس میں چیف آفیسر متانت علی خان، مشیرمالیات خالد شیخ کے علاوہ محکمہ مالیات، کچی آبادی، لوکل ٹیکسز، ویٹرنری، اسٹیٹ ، کلچر اینڈ اسپورٹس ، پی ڈی اورنگی ٹائون، پی ڈی لائنز ایریا، انٹرپرائز اینڈ انویسٹمنٹ پروموشن اور دیگر محکموں کے سربراہان نے شرکت کی ۔


انھوں نے کہا کہ حکومت سندھ سے ملنے والے فنڈز کے ساتھ ساتھ ہمیں بھی اپنی ریکوری کے اہداف حاصل کرنے ہوں گے تاکہ ملازمین کو تنخواہوں اور پینشن کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو بھی مکمل کیا جائے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ وہ تمام محکمے جو ریکوری کے ذمے دار ہیں ان محکموں کا آڈٹ کرایا جائے گا ،انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے تنخواہوں کے لیے فراہم کیے جانے والے 50کروڑ روپے کے ماہانہ فنڈز پر کب تک انحصار کیا جائے گا اگر محکموں کی کارکردگی بہتر نہ ہوئی تو آئندہ کے معاملات کو چلانا اور تنخواہوں کی ادائیگی مشکل ہوجائے گی، محکمہ جاتی سربراہان نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو مالی سال 2012-13 کے درمیان اپنے اپنے اہداف سے متعلق آگاہ کیا۔



جس کے مطابق کے ایم سی کو مجموعی طور پر 5 ارب 61 کروڑ 43 لاکھ روپے وصول کرنا ہیں، انھوں نے کہا کہ افسران ہاتھ پر ہاتھ دھر کر نہ بیٹھیں بلکہ آمدنی میں اضافے کے نئے طریقے سوچیں،کے ڈی اے کچھ نئے پروجیکٹ پلان کرے ،جن محکموں میں مارچ کے مہینے میں ریکوری کو سو فیصد نہ بڑھایاگیا تو ان محکموں کے سربراہان کو ان کے عہدوں سے فارغ کردیا جائے گا، ایڈمنسٹریٹر نے محکمہ مالیات کو ہدایت کی کہ وہ حقیقت پر مبنی بجٹ بنائیں اور اہداف غیرحقیقی نہیں ہونے چاہئیں، انھوں نے کہا کہ بلدیہ کی 79مارکیٹوں میں واقع دکانوں کے کرائے نہ ہونے کے برابر ہیں، ان میں فوری اضافے کیلیے تجاویز مرتب کی جائیں،ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ افسران اہداف کے حصول کے لیے کوششیں تیز کریں، تمام ڈپٹی کمشنرز اور شہری انتظامیہ آپ کا بھرپور ساتھ دے گی ۔
Load Next Story