عباس ٹاؤن اور انڈس پلازہ دھماکے ایک گروپ نے کیے تفتیشی حکام

گاڑی کے انجن کے ٹکڑے مل گئے، گاڑی میں 2بکسوں میں 150کلو بارود رکھا گیا

گاڑی کے انجن کے ٹکڑے مل گئے، گاڑی میں 2بکسوں میں 150کلو بارود رکھا گیا فوٹو: رائٹرز

عباس ٹاؤن میں بم دھماکا گاڑی کے ذریعے کیا گیا جس میں لوہے کی 2 بڑی پیٹیوں میں 75-75 کلو گرام دھماکا خیز مواد رکھا گیا۔

بارودی مواد کے ساتھ نٹ بولٹ ، بیئرنگ بال اور لوہے کے ٹکڑے بھی استعمال کیے گئے، گاڑی کے انجن کے ٹکڑے بھی مل گئے ہیں۔ تفتیشی حکام اس دھماکے کو 30 جنوری کی شب سہراب گوٹھ میں انڈس پلازہ کے قریب ہونے والے دھماکے سے مماثل قرار دے رہے ہیں۔ تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں واقعات میں ایک ہی گروپ ملوث ہوسکتا ہے۔

اتوار 3 مارچ کو ابو الحسن اصفہانی روڈ پر عباس ٹاؤن کے قریب زوردار دھماکا ہوا جس میں درجنوں افراد ہلاک ہوگئے تھے۔اس سلسلے میں تفتیشی حکام نے ایکسپریس کو بتایا کہ دھماکا گاڑی کے ذریعے کیا گیا جس میں لوہے کے 2 بڑے باکس استعمال کیے گئے جن میں 75-75 کلو گرام دھماکا خیز مواد رکھا گیابارودی مواد کے ساتھ نٹ بولٹ ، بیئرنگ بال اور مختلف دھاتوں کے ٹکڑے بھی شامل تھے۔




گاڑی کو اقرا سٹی کے قریب کھڑا کیا گیا جبکہ جائے وقوع سے انجن کے کچھ ٹکڑے بھی ملے ہیں ، ایک سوال پرتفتیشی حکام نے بتایا کہ واقعے کے فوری بعد پولیس چونکہ بروقت نہیں پہنچ سکی جس کی وجہ سے متعدد شواہد ضائع ہوگئے، لوگوں میں اشتعال کی وجہ سے پولیس کو جائے وقوع پر پہنچنے میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جائے وقوع کو سیل بھی نہیں کیا جاسکا ۔

تفتیشی حکام نے مزید کہا کہ 30 جنوری کی شب سہراب گوٹھ کے علاقے میں واقع انڈس پلازہ میں ٹیکسی کے قریب بم دھماکا ہوا تھا جس میں لوہے کی 2 پیٹیاں استعمال کی گئی تھیں، حکام نے شبہ ظاہر کیا کہ عباس ٹاؤن اور سہراب گوٹھ واقعے میں ایک ہی گروپ ملوث ہوسکتا ہے، ٹیکسی سے برآمد کیے جانے والے بم بھی 75 کلو وزنی تھے اور ان میں بھی بیئرنگ بال، نٹ بولٹ اور دھاتی ٹکڑے استعمال کیے گئے تھے۔

Recommended Stories

Load Next Story