پروین رحمن کے قاتلوں کو گرفتارکیا جائے محمد حسین محنتی

پروین رحمن کا قتل کراچی کی بدترین صورتحال کی نشاندہی کرتا ہے،شاہی سید

پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کی دہشت گردوں کے ہاتھوں پروین رحمن کے قتل کی مذمت فوٹو: فائل

جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے اورنگی پائلٹ پروجیکٹ کی ڈائریکٹر اور معروف سماجی کارکن پروین رحمن کے بہیمانہ قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ دہشت گرد اپنی مذموم کارروائیوں میں اب مرد اور عورت کی تفریق کو بھی بھلا بیٹھے ہیں۔

حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے شہریوں کے تحفظ میں بری طرح ناکام ہو چکے،پروین رحمن کے قاتلوں کو فوری گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے ،محمد حسین محنتی نے مطالبہ کیا کہ پروین رحمن سمیت تمام شہریوں کے قاتلوں کو فی الفور گرفتارکیا جائے۔




دریں اثنا عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید نے اورنگی پائلٹ پروجیکٹ کی منیجنگ ڈائریکٹر پروین رحمن کی ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانیت کی خدمت سے سرشار خاتون کو قتل کرنے والے کسی طور انسان کہلوانے کے لائق نہیں، ایسے واقعات کراچی کی بدترین صورتحال کی نشاندہی کرتے ہیں ۔

جاری کردہ مذمتی بیان میںشاہی سید نے مز ید کہا ہے کہ ہم مرحومہ کے اہل خانہ کے غم برابر کے شریک ہیں ،پروین رحمن کے قاتلوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے،علاوہ ازیں پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری تاج حیدر، کراچی ڈویژن کے صدر عبدالقادرپٹیل، سینیٹر سعید غنی، جنرل سیکریٹری سید نجمی عالم اور سیکریٹری اطلاعات لطیف مغل نے سماجی رہنما پروین رحمن کے دہشت گردوں کے ہاتھوں سفاکانہ قتل کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گروں نے اب خواتین رہنماؤں کو بھی نشانہ بنانا شروع کردیا ہے۔

انھوں نے پروین رحمن کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھوں نے اپنی زندگی دکھی انسانیت اور عوام کی خدمت کیلیے وقف کر رکھی تھی ، پروین رحمن کے سفاک قاتلوں گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔
Load Next Story