جامعہ کراچی قابضین سے مکانات خالی کرانے کیلئے رینجرز کی مدد لینے کا فیصلہ

فائنل نوٹس آج جاری ہوں گے،’’ہاؤس الاٹمنٹ کمیٹی‘‘ کے سربراہ قا بضین سے ملاقات کرکے گھرخالی کرنے پرآمادہ کرینگے

ڈاکٹر محمد قیصرکی زیرصدارت کمیٹی کے اجلاس میں قابضین کے پانی،بجلی اورگیس کے کنکشن منقطع کرنے کی تجویزمستردکردی گئی فوٹو: فائل

جامعہ کراچی کی انتظامیہ کیمپس میں غیرقانونی طور پر رہائش پذیر افراد کے خلاف ایک بار پھرسرجوڑکر بیٹھ گئی اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر کی زیرصدارت ''ہاؤس الاٹمنٹ کمیٹی''کے منعقدہ اجلاس میں کیمپس کے گھروں میں مقیم غیرقانونی قابضین سے مکانات خالی کرانے کااصولی فیصلہ کیاگیاہے۔

تاہم قابضین سے اظہارہمدردی کرتے ہوئے ان کے گھروں کے پانی ، بجلی اورگیس کے کنکشن منقطع کرنے کی تجویز مستردکردی گئی ،فیصلے کے تحت ہاؤس الاٹمنٹ کمیٹی غیرقانونی قابضین کومکانات خالی کرنے کے لیے ایک ہفتے کی حتمی مہلت دے گی جس کے سلسلے میں''فائنل نوٹس'' کے متن کے ساتھ تیارکیا گیا خط آج جمعہ کوکسی وقت جاری کیاجائے گا اور ایک ہفتے گزرنے کے باوجود مکانات خالی نہ کیے جانے کی صورت میں رینجرزکی مدد سے بزورطاقت مکانات خالی کرالیے جائیں گے۔




اس بات کا فیصلہ جمعرات کی دوپہر ایک اجلاس میں کیا گیا، مکانات خالی کرانے کے حوالے سے قانونی مشاورت کیلیے کچھ دیرکے لیے ڈپٹی رجسٹرارلیگل آصف مختار کو بھی اجلاس میں شریک کیاگیا، اجلاس کے دوران غیرقانونی طور پر مقیم قابضین کی تین مختلف کیٹگریز بنائی گئی جس میں ریٹائرمنٹ کے باوجود گھرخالی نہ کرنیوالے افراد ، اپنے گھروں کوکرائے پردینے والے افراد اور مختلف مقامات پر زمینوں پرقبضہ کرکے از خود گھر تعمیرکرنے والے افراد شامل ہیں۔

ان کیٹگریز کو سامنے رکھتے ہوئے فیصلہ کیاگیاکہ ہاؤس الاٹمنٹ کمیٹی ان افرادکوایک ہفتے کے جاری ہونے والے ''فائنل نوٹس''کے ساتھ ہی کمیٹی کے سربراہ اپنے دفترمیں ان افراد سے ملاقات کرکے گھرخالی کرنے پر قائل کریں گے تاہم اگر اس کے باجود یہ افراد گھر خالی کرنے پر راضی نہ ہوئے تو ایک ہفتے کے بعد رینجرز کی مدد سے گھرخالی کرادیے جائینگے،یاد رہے کہ ماضی میں سابق وائس چانسلرڈاکٹرعبدالوہاب نے اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے قابضین کے گھروں کے مذکورہ کنکشن منقطع کرادیے تھے جس سے یہ لوگ گھرخالی کرنے پر مجبور ہوگئے تھے۔
Load Next Story