صدرکی بینظیرآباد میڈیکل کالج کی تعمیرجلد شروع کرنیکی ہدایت

پاک فضائیہ کے فزیبیلٹی پلان کا جائزہ لیاجائے،صدرزرداری،منصوبے پربریفنگ دی گئی

اسلام آباد : صدر آصف زرداری ایئرچیف مارشل طاہر رفیق بٹ کو نشان امتیازملٹری کا بیج لگارہے ہیں (فوٹو ایکسپریس)

صدر مملکت آصف زرداری نے ہدایت کی ہے کہ بینظیر آباد(نوابشاہ) میں میڈیکل کالج کے قیام کیلیے پاک فضائیہ کے فزیبیلٹی پلان کا ترجیحی بنیادوں پر جائزہ لیکر منصوبہ پر جلد کام آغازکیا جائے۔ یہ بات انھوں نے پیر کوایوان صدرمیں بینظیر آباد میڈیکل کالج اوراسپتال کے قیام کے حوالے سے منعقدہ بریفنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہی،

اس موقع پر صدرکو پاک فضائیہ کی جانب سے منصوبے پر بریفنگ دی گئی، وزیردفاع سید نوید قمر، ایئرچیف طاہر رفیق بٹ ، ایئر مارشل عاصم سلیمان ، ایئر وائس مارشل سہیل امان اور دیگر حکام بھی اس موقع پرموجود تھے۔ ایئروائس مارشل سہیل امان نے اجلاس کو بتایا کہ ابتدائی طور پر ایک سو طلبا کیلیے میڈیکل کالج قائم کیا جاسکتا ہے اور اس میں مخلوط تعلیم دی جائے گی۔


بعد ازاں ملک بھر اور کراچی میں بلند و بالا عمارتوں کی تعمیر کے حوالے سے ایک دوسری بریفنگ منعقد کی گئی، اس موقع پر صدر نے کہا کہ زمین کی کمیابی کے باعث عام آبادی اور حکومتی دفاتر کیلیے بلند و بالا عمارتیں ہی واحد دستیاب حل ہے۔

اگر اس حوالے سے پالیسی فریم ورک بنالیا جائے تو تعمیراتی عمل میں بھی تیزی آئے گی۔اس موقع پر وزیرخزانہ، ایئر چیف، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن، سندھ بلڈنگ کنٹرول ڈیپارٹمنٹ اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سربراہان پر مشتمل ایک کمیٹی بنانیکا فیصلہ بھی کیا گیا جو بلند و بالا عمارتوں کی تعمیر کے حوالہ سے قانون سازی اور قواعدوضوابط کی تیاری کیلئے مسودہ تیار کرے گی۔

 
Load Next Story