کے ای ایس سی ٹرپنگ روکنے میں ناکام آدھے شہر میں اندھیرا

40فیصد شہر اتوار اور پیر کی درمیانی شب 5گھنٹے تک بجلی سے محروم،...

40فیصد شہر اتوار اور پیر کی درمیانی شب 5گھنٹے تک بجلی سے محروم، شہریوں نے دوسری رات بھی جاگ کر گزاری ۔ فائل فوٹو

KARACHI:
ٹرانسمیشن لائنوں کی ٹریپنگ کے ساتھ کے ای ایس سی کی اہلیت بھی ٹرپ کرگئی، ماہرین تاحال ٹرانسمیشن لائن میں آنے والی ٹریپنگ کو روکنے میں ناکام ہیں، بن قاسم بجلی گھر کے دونوں سرکٹس اتوار اور پیر کی درمیانی شام 36 گھنٹوں کے دوران کم از کم چوتھی مرتبہ ٹرپ کرگئے اور کراچی کا تقریباً 40 فیصد علاقہ مسلسل 5 گھنٹے تک بجلی کی فراہمی سے محروم رہا، شہریوں نے مسلسل دوسری رات جاگ کر گزاری۔

تفصیلات کے مطابق ہفتے کی رات 8 بجے سے اتوار کی صبح 9 بجے تک مسلسل بجلی کے تعطل کا شکار بننے والے شہر کے 40 فیصد سے زائد حصے میں رہائش پذیر شہری اتوار اور پیر کی درمیانی شب ایک مرتبہ پھر رات جاگنے پر مجبور ہوگئے جب درمیانی رات تقریبا 3 بجے ایک مرتبہ پھر بن قاسم بجلی گھر سے شہر کو بجلی فراہم کرنے والی 220 کے وی کی دونوں ایکسٹرا ہائی ٹنشن لائنیں ٹرپ کر گئیں۔ نتیجے میں شہر کے تقریبا 20 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے


جس کی وجہ سے کورنگی، لانڈھی، قائد آباد، ملیر، ایئرپورٹ، ماڈل کالونی، ڈیفنس، کلفٹن، صدر، اولڈ سٹی ایریا، برنس روڈ، آئی آئی چند ریگر روڈ، کیماڑی، لیاری اور دیگر علاقوں میں بجلی کی فراہمی صبح 8 بجے تک معطل رہی۔ شہریوں نے مسلسل دوسری رات سحری بجلی کی فراہی کے بغیر کی، واضح رہے کہ ہفتے اور اتوار کے درمیان تقریبا 14 گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے بجلی کے بحران کے دوران کم از کم تین مرتبہ ہائی ٹرانسمیشن لائنیں ٹرپ کرگئی تھیں اور کے ای ایس سی کے ماہرین ان کے ٹرپ کرنے کی وجہ دور کرنے کے بجائے چند گھنٹوں بعد دوبارہ آن کرنے کی کوشش کرتے رہے

جس کے نتیجے میں ایک موقع پر پورے شہر میں بجلی کی فراہمی منقطع ہوگئی اور مسلسل کئی گھنٹوں تک منقطع رہی، اتوارکی شام صورتحال بہتر رہی تاہم درمیانی رات اچانک ایک مرتبہ پھر بن قاسم کے دونوں سرکٹس ٹرپ کرگئے جو اس بات کا منہ بولتا ثبوت تھا کہ کے ای ایس سی کے ماہرین تاحال خرابی کی بنیادی وجہ کو تلاش اور اسے دور کرنے میں ناکام ہیں، ماہرین کا کہنا ہے کہ شہر میں بجلی کا نظام مسلسل غیریقینی صورتحال سے دوچار ہے اور کسی بھی وقت ماضی سے بڑے بریک ڈائونز کا خطرہ موجود ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story