نوشتہ دیوار پڑھتے ہوئے ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ مستعفی

نئے کوچز کیلیے پینل تشکیل دیا جائے گا، شہباز سینئر

چار ملکی ٹورنامنٹ میں ناقص کارکردگی کے باعث عہدہ چھوڑنے کیلیے دباؤ تھا، ذرائع۔ فوٹو: فائل

آسٹریلیا میں شیڈول 4 ملکی انٹرنیشنل ہاکی ٹورنامنٹ میں قومی ہاکی ٹیم کی شرمناک شکست کے36 روز بعد نوشتہ دیوار پڑھتے ہوئے فرحت خان نے ہیڈکوچ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

انٹرنیشنل ہاکی مقابلوں میں قومی ٹیم کی شکستوں کا سلسلہ تسلسل سے جاری ہے جس کا خمیازہ ٹیم منیجمنٹ کو بھگتنا پڑتا ہے، ورلڈ ہاکی لیگ کے سیمی فائنل مقابلوں میں پاکستان ہاکی ٹیم کی شرمناک شکستوں کے بعد کپتان عبدالحسیم کیساتھ ہیڈکوچ خواجہ محمد جنید کو بھی اپنے عہدوں سے ہاتھ دھونا پڑے تھے۔

گرین شرٹس کو فتوحات کے ٹریک پر ڈالنے کے لیے پی ایچ ایف نے سابق اولمپیئن فرحت خان کو چیف کوچ کی اہم ذمہ داری سونپی، نئے کوچ کی پہلی اسائنمنٹ بنگلہ دیش میں شیڈول ایشیا کپ تھا جس میں ایک بار پھر قومی ٹیم کو نہ صرف ذلت آمیز شکستوں کا سامنا کرنا پڑا بلکہ بھارت کے ہاتھوں مسلسل 2 بار ناکامیوں کا منہ بھی دیکھنا پڑا۔


ایشیائی ایونٹ کے فوری بعد قومی ٹیم کی اگلی آزمائش آسٹریلیا میں شیڈول 4 ملکی ٹورنامنٹ تھا، اس ایونٹ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں9 گول سے تاریخی شکست دی جبکہ جاپان نے ایک کے مقابلے میں 2 گول سے زیر کرکے ایونٹ میں آخری پوزیشن پر دھکیل دیا۔

ذرائع کے مطابق عالمی سطح پر ان بڑی ناکامیوں کے بعد فرحت خان پر ہیڈکوچ کے عہدے سے مستعفی ہونے کا خاصا دباؤ تھا تاہم انھوں نے 4 ملکی انٹرنیشنل ٹورنامنٹ ختم ہونے کے36 دن کے بعد عہدہ چھوڑا ہے۔ پی ایچ ایف نے فرحت خان پر واضح کر دیا تھا کہ اگر انھوں نے خود عہدہ نہ چھوڑا تو انھیں چیف کوچ کے عہدے سے خود فارغ کر دیا جائے گا۔

یاد رہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم کے لیے اگلا سال خاصی اہمیت کا حامل ہے،پاکستان ہاکی ٹیم نے اپریل میں شیڈول کامن ویلتھ گیمز کے ساتھ بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ کا بھی حصہ بننا ہے، قطر میں ہونے والے ایشین گیمز کا چیمپئن بننے کی صورت میں پاکستان ٹیم براہ راست ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب رہے گی۔ پی ایچ ایف کا خیال ہے کہ مستقبل کے اہم ایونٹس میں کامیابی کے حصول کے لیے ماہر کوچ ہی گرین شرٹس کو فتح کے ٹریک پر ڈال سکتا ہے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم نے مستقبل کے بڑے ایونٹس کے لیے غیر ملکی گول کیپر اور ٹرینر رکھنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے، نیا ہیڈ کوچ ملکی ہو یا غیر ملکی، اس کا فیصلہ آئندہ چند روز تک کیا جائے گا۔ اس حوالے سے نمائندہ ایکسپریس نے جب سیکریٹری پی ایچ ایف شہباز احمد سینئر سے رابطہ کیا تو انھوں نے فرحت خان کے مستعفی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نئے ہیڈ کوچ کے حوالے سے فیصلہ ایک ہفتے تک کر لیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مستقبل کے اہم ایونٹس کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے پینل آف کوچز تشکیل دیا جائے گا جس میں ملکی اور غیر ملکی کوچز کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔
Load Next Story