گورنر بلوچستان پر خود کش حملہ کا منصوبہ ناکام

حملہ آوروں نے افغانستان میں بیٹھ کر گورنر بلوچستان پر حملے کا منصوبہ بنایا،صوبائی وزیر داخلہ

حملہ آوروں نے افغانستان میں بیٹھ کر گورنر بلوچستان پر حملے کا منصوبہ بنایا،صوبائی وزیر داخلہ۔ فوٹو: فائل

صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے قلعہ عبداللہ کے علاقے گلستان میں کامیاب کارروائی کے نتیجے میں گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی پر خودکش حملے کا منصوبہ ناکام بنادیا جب کہ 2خودکش حملہ آوروں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے خودکش جیکٹس، اینٹی ٹینک مائنز، اینٹی پرسنل مائنز، راکٹ گولے، مارٹر گولے، سیکڑوں گولیاں اور بم بنانیوالے آلات برآمد کر لیے ہیں، گرفتار دہشتگردوں کا تعلق گلستان اور پنجاب سے ہے جو تحریک طالبان پاکستان کے قاری گروپ سے ہیں۔

ان اطلاعات سے اس امر کی تصدیق ہوتی ہے کہ ابھی تک بلوچستان کو جن داخلی و خارجی قوتوں نے اپنے ہدف پر لے رکھا ہے وہ اہداف کثیر جہتی ہیں اور ان عناصر کی دہشتگردی کی فیکٹریاں اور زیریں نیٹ ورک جب تک مکمل طور پر تباہ نہیں کیے جاتے ان کے کارندے اور سہولت کار کسی نہ کسی شکل میں حکومت سے اعصابی جنگ لڑنے کا ارادہ ترک نہیں کریں گے، لہذا دہشتگردی مخالف حکمت عملی کا تقاضہ ہے کہ سیکیورٹی حکام پیشگی حملہ(پری ایمپٹ) کے میکنزم کو دفاعی اور جارحانہ بندوبست کی روشنی میں جدید انٹیلی جنس ذرایع اوراطلاعات کے بین الصوبائی اشتراک سے مربوط کیا جائے تاکہ دہشتگرد تنظیمیں بدامنی اور ٹارگٹ کلنگ کی کسی کوشش میں کامیاب نہ ہوں ۔یہی ایک طریقہ ہے کہ ان کے اسٹرٹیجیکل اہداف غیر موثر ہوسکیں گے اور صوبہ میں تخریب کاری ، سبوتاژ ، سیاسی و معاشی عدم استحکام پیدا کرنے کے ان کے ناپاک عزائم بھی خاک میں مل جائیں گے۔


کوئٹہ میں ڈی آئی جی پولیس عبدالرزق چیمہ کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بدھ کو فورسز اور حساس اداروں کی جانب سے گورنر پر خودکش حملے کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 2دہشتگردوں منور احمد ولد شفیع سکنہ گلستان اور منصوبہ ساز وسہولت کار حامد بشیر ولد بشیر سکنہ پنجاب کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ و آلات برآمد کر لیے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیر داخلہ پنجاب شجاع خانزادہ کو شہید کرنے والوں نے افغانستان میں بیٹھ کر گورنر بلوچستان پر حملے کا منصوبہ بنایا، نادرا سے کوئٹہ چرچ حملہ آوروں کی تصدیق نہیں ہو سکی، جس کا مطلب ہے کہ حملہ آور غیر ملکی تھے، ہمیں فورسز اور حساس اداروں کی کارکردگی پر فخر ہے۔

ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ تمام چرچز کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی، کرسمس کے موقع پر اضافی نفری تعینات ہو گی، سیکیورٹی کے پیش نظر یکم جنوری تک مسیحی برادری کی تقریبات صرف چار دن ہوں گی ، تاہم اس تمام عرصہ میں بلوچستان حکومت اور سیکیورٹی فورسز کو ہمہ وقت الرٹ رہنے کی ضرورت ہے، دہشتگرد کہیں سے چھپ چھپا کر آئیں انھیں واپس نہیں جانا چاہیے۔ یہ عزم بنیادی کامیابی کی طرف اہم قدم ہوگا۔

 
Load Next Story