ٹیکس وصولیوں کا شارٹ فال 178 ارب روپے سے تجاوز

ایف بی آرگزشتہ ساڑھے8ماہ میں1199.456 ارب روپے کی ٹیکس وصولیاں کر سکا.

یکم تا14مارچ سال بہ سال19.5فیصداضافے سے37.456ارب روپے کا ٹیکس اکھٹا،ماہانہ ہدف کیلیے15روزمیںمزید163ارب درکارہیں،عبوری اعدادوشمار جاری۔ فوٹو: عیسیٰ ملک/فائل

رواں مالی سال 2012-13 کے پہلے ساڑھے 8 ماہ کے دوران ایف بی آر کی ٹیکس وصولیوں کا شارٹ فال 178ارب روپے سے تجاوز کرگیا ہے اور ایف بی آر کو 2190 ارب روپے کا نظر ثانی شدہ ٹیکس ہدف حاصل کرنے کیلیے آئندہ ساڑھے 3ماہ کے دوران 990.544 ارب روپے کی وصولیاں کرنا ہونگی۔

''ایکسپریس'' کو دستیاب ایف بی آرکے عبوری اعدادو شمارکی دستاویز کے مطابق بجٹ میں مقرر کردہ 2381ارب روپے کے اصل ہدف سے موازانہ کیاجائے تو ٹیکس وصولیوں میں شارٹ فال 250ارب روپے سے بھی تجاوز کرجاتا ہے۔ دستاویز کے مطابق ایف بی آر نے مالی سال کے پہلے ساڑھے 8 ماہ (یکم جولائی2012 تا14 مارچ 2013) کے دوران 1199.456 ارب روپے کی نیٹ ٹیکس وصولیاں کیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 1141.632 ارب روپے کی ٹیکس وصولیوں سے5.1فیصد زیادہ ہیں تاہم زیرتبصرہ مدت کیلیے مقررہ 1377.94 ارب روپے کے نظرثانی شدہ ٹیکس ہدف کے مقابلے میں 178.484ارب روپے کم ہیں۔

دستاویز کے مطابق ایف بی آر نے رواں مالی سال کے آغاز سے 14 مارچ 2013 تک 1199.456 ارب روپے کی ٹیکس وصولیاں کیں جن میں سے ڈائریکٹ ٹیکس (انکم ٹیکس) کی مد میں 443.383 ارب روپے کی وصولیاں کی گئیں جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں وصول کردہ 417.03 ارب روپے کے ٹیکس سے 6.3فیصد زیادہ ہے جبکہ ان ڈائریکٹ ٹیکسوں میں سے سیلز ٹیکس کی مد میں مجموعی طور پر 537.901 ارب روپے کی وصولیاں کی گئیں جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں517.540ارب کی وصولیوں سے 3.9 فیصد زیادہ ہیں۔




دستاویز کے مطابق زیرتبصرہ مدت میں درآمدات پر عائد سیلز ٹیکس کی مد میں 290.277 ارب روپے کی وصولیاں کی گئی ہیں جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں حاصل کردہ 292.874ارب روپے کے ٹیکس سے 0.9فیصد کم ہیں جبکہ مقامی سطح پر اشیا پر سیلز ٹیکس کی مد میں247.624 ارب روپے کی وصولیاں کی گئی ہیں جو سال بہ سال 224.666ارب روپے کی وصولیوںسے 10.2 فیصد زیادہ ہیں۔ عبوری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ساڑھے 8 ماہ میں فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں70.688 ارب روپے کی وصولیاں کی گئیں جو گزشتہ مالی سال2011-12 کے اسی عرصے میں فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں ہونے والی 73.824ارب روپے کی وصولیوں سے 4.2 فیصد کم ہیں۔

علاوہ ازیں کسٹمز ڈیوٹی کی وصولیاں 147.484ارب روپے رہیں جو گزشتہ مالی سال کے پہلے ساڑھے 8ماہ میں ہونے والی133.238 ارب روپے کی وصولیوں کے مقابلے میں10.7 فیصد زیادہ ہیں۔ عبوری اعدادوشمار کے مطابق مارچ کے پہلے 14 روزکے دوران ایف بی آر نے 37.456ارب روپے کی وصولیاں کیں جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلہ میں 19.5فیصد زیادہ ہیں، تاہم مارچ کیلیے مقررہ 200.68 ارب روپے کا نظرثانی شدہ ٹیکس ہدف حاصل کرنے کیلیے 15 روز میں 163.034ارب روپے کی وصولیاں کرنا ہونگی، مارچ میں 14تاریخ تک انکم ٹیکس کی مد میں 16.956ارب روپے، سیلز ٹیکس کی مد میں 14.642 ارب روپے ، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں13کروڑ 10لاکھ روپے اورکسٹمز ڈیوٹی کی مد میں 5.918ارب روپے کی وصولیاں ہوئیں۔
Load Next Story