انڈین ویلز ٹینس ڈیل پوٹرو نے نووک جو کو وک کو لگام ڈال دی

مینز ڈبلز ٹائٹل امریکا کے برائن برادرز مائیک اور باب کے نام

ارجنٹا ئنی پلیئرجوآن مارٹن ڈیل پوٹرو سرب اسٹار نووک جوکووک کو گیند ریٹرن کررہے ہیں۔ فوٹو: رائٹرز

انڈین ویلز کے سیمی فائنل میں ڈیل پوٹرو نے نووک جوکووک کو لگام ڈال دی۔

ناکامی کے ساتھ ہی ورلڈ نمبرون کی لگاتار 22 فتوحات کا سلسلہ رک گیا ، ورلڈ نمبرون پلیئر کو دراز قامت ارجنٹائنی حریف نے ابتدائی سیٹ ہارنے کے باوجود زبردست کم بیک کرتے ہوئے 4-6،6-4 اور 6-4 سے پچھاڑ دیا،مینز ڈبلز کی ٹرافی امریکی بھائیوں کی جوڑی باب اور مائیک برائن کے نام رہی، انھوں نے فائنل میں فلپائن کے ٹریٹ کونراڈ ہوئے اور پولش پلیئر جیرزی جینووچ کو 6-3،3-6 اور10-6 سے شکست دی۔ویمنز ڈبلز کا فیصلہ کن معرکہ روسی کھلاڑیوں الینا ویسنینا اور ایکٹرینا ماکارووا نے جیتا، انھوں نے ہموطن نادیا پیٹرووا اور سلووینیا کی کیٹرینا سربوٹنک کو 6-0،5-7 اور 10-6 سے زیر کیا۔

تفصیلات کے مطابق انڈین ویلز ماسٹرز ٹینس کے مینز سنگلز سیمی فائنل میں ڈیل پوٹروف نے سربیا کے نووک جوکووک کو ہرادیا، اس ناکامی کے ساتھ ہی سربین اسٹار کی مسلسل 22 میچز کی فتوحات کا اختتام ہوگیا، ڈیل پوٹرو نے ابتدائی سیٹ ہارنے کے بعد شدید تنائو کے بعد دوسرا سیٹ جیت کر مقابلے میں واپسی اختیار کی تھی، جس میں انھوں نے پانچ مرتبہ حریف کی سروس بھی بریک کی تھی ، تیسرے سیٹ میں عالمی نمبر ایک جوکووک نے میچ میں واپسی کی ٹھانی اور ابتدائی تینوں گیمز جیت کر ارجنٹائنی اسٹار پر دبائو بڑھایا لیکن ڈیل پوٹرو نے ہمت نہیں ہاری اور مزید دو گیمز جیت کر مقابلہ 3-2 کیا، ساتویں گیم میں ڈیل پوٹرو دو بریک چانسز سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے۔




اس سے قبل جوکووک کو 31 اکتوبر 2012 کو پیرس ماسٹرز میں امریکی پلیئر سامی کیورے کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم اس کے بعد سربین اسٹار نے ناکامی کو اپنے پاس آنے سے باز رکھا تھا اور وہ رواں برس لگاتار 17 میچز جیتنے میں کامیاب رہے تھے، جس میں انھوں نے اپنے کیریئر کا چوتھا آسٹریلین اوپن ٹائٹل اور دبئی میں ٹرافی بھی اپنے نام کی ، ڈیل پوٹرو سے ملنے والی غیرمتوقع شکست پر جوکووک نے کہا کہ کھیل میں اکثر ایسا ہوتا ہے، جوکووک نے اپنی شکست تسلیم کرتے ہوئے کہاکہ ڈیل پوٹرو نے اس مقابلے میں شاندار کھیل پیش کیا اور میں قطعی یہاں پر جیتنے میں حق بجانب نہیں ہوتا، کیونکہ مجھے جب بھی مواقع ملے میں نے انھیں گنوادیا، میں اس جیت پر ڈیل پوٹرو کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

فائنل میں 7 سیڈ ڈیل پوٹرو کا سامنا 11 مرتبہ کے گرینڈ سلم چیمپئن رافیل نڈال سے ہوگا، جنھوں نے دوسرے سیمی فائنل میں جمہوریہ چیک کے ٹوماس بریڈیچ کو 6-4،7-5 سے واپسی کا راستہ دکھادیا، انجری سے نجات پانے کے 7 ماہ بعد کھیل میں واپس آنے والے اسپینش اسٹار نڈال کی یہ مسلسل چوتھے ایونٹ کے فائنل میں رسائی ہے، تاہم فیصلہ کن معرکہ ان کے لیے سخت آزمائش ہوگا، 5 سیڈ نڈال نے بریڈیچ کیخلاف فائنل گیم میں تین بریک پوائنٹس بھی محفوظ کیے، بریڈیچ بھی ماسٹرز ایونٹ میں آمد سے قبل مارسیلی اور دبئی ایونٹس کے فائنل کھیل کر آئے لیکن نڈال نے سیمی فائنل میں انھیں قابو کیے رکھا۔
Load Next Story