ٹینس رینکنگ ٹائٹل فتح نے نڈال کو ورلڈ نمبر4 بنادیا

ڈیوڈ فیررکو پیچھے دھکیل دیا، ماریا شراپووا نے آذرنیکا سے دوسری پوزیشن چھین لی۔

ڈیوڈ فیررکو پیچھے دھکیل دیا، ماریا شراپووا نے آذرنیکا سے دوسری پوزیشن چھین لی. فوٹو: رائٹرز

انڈین ویلز میں ٹائٹل فتح نے رافیل نڈال کو دوبارہ ورلڈ نمبر4 پوزیشن پر پہنچا دیا۔

پیر کو جاری ہونے والی تازہ اے ٹی پی رینکنگ میں اسپینش اسٹار نے ایک درجے بہتری حاصل کرتے ہوئے ہموطن ڈیوڈ فیرر کو پیچھے دھکیل دیا، سربیا کے نووک جوکووک بدستور سرفہرست رہے،انڈین ویلز میں اعزاز کے دفاع میں ناکامی کے باوجود فیڈرر بھی دوسری پوزیشن پر موجود ہیں، اینڈی مرے کو حسب سابق دنیا کے تیسرے بہترین کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔




جمہوریہ چیک کے ٹوماس بریڈیچ بغیر کسی ردوبدل کے چھٹی پوزیشن پر ہیں، اسی طرح انڈین ویلز کے فائنلسٹ جوآن مارٹن ڈیل پوٹرو بھی ساتویں نمبر پر ڈٹے ہوئے ہیں، سونگا آٹھویں ، جانکو تیپسرووچ نویں جبکہ رچرڈ گیسکوئٹ دسویں پوزیشن پر ہیں، امریکا کے سام کیورے کو تین درجے ترقی نے 20ویں پوزیشن کا حقدار بنا دیا، دوسری جانب ڈبلیو ٹی اے رینکنگ میں حسب توقع ماریا شراپووا نے وکٹوریا آذرنیکا سے دوسری پوزیشن چھین لی۔

بیلاروسی اسٹار ایک درجے تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر چلی گئیں، امریکا کی سرینا ولیمز نے پہلی پوزیشن پر قدم جمارکھے ہیں، پولینڈ کی اگنیسکا ریڈوانسکا چوتھی اور چینی کھلاڑی لینا پانچویں نمبر پر موجود ہیں، جرمن پلیئر اینجلیک کیربر کی چھٹی پوزیشن برقرار رہی البتہ سارا ایرانی نے جمہوریہ چیک کی پیٹرا کیوٹوا سے پوزیشنز کا تبادلہ کرتے ہوئے ساتواں نمبر پالیا، انڈین ویلز کے فائنل میں رسائی نے کیرولین ووزینسکی کو ایک درجے بہتری کے ساتھ نویں نمبر پر پہنچادیا جبکہ سمانتھا اسٹوسربھی ٹاپ ٹین میں شامل رہیں، ابتدائی 20 بہترین پلیئرز کی فہرست میں سب سے زیادہ 4 درجے تنزلی ایناایوانووک کی ہوئی، وہ 17ویں نمبر پر آگئیں۔
Load Next Story