مکینکس سی این جی کٹ اور سلنڈر فروخت کرنے والوں کے کوائف جمع

12 کاریں اور 2 موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں،شہری اپنی گاڑیوں کی سی این جی کٹ اور سلنڈر نمبرز محفوظ رکھیں، عاصم قائم خانی.

12 کاریں اور 2 موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں،شہری اپنی گاڑیوں کی سی این جی کٹ اور سلنڈر نمبرز محفوظ رکھیں، عاصم قائم خانی. فوٹو: فائل

اینٹی کار لفٹنگ سیل پولیس کے سربراہ ایس ایس پی عاصم قا ئم خانی نے کہا ہے کہ گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی چوری اور چھینے جانے کی وارداتوں کی روک تھام کیلیے موٹرسائیکل مکینک ، موٹر مکینک اور سی این جی کٹ وسلنڈر فروخت اور تبدیل کرنے والی ورک شا پس کے کوائف جمع کرنا شروع کر دیے ہیں۔

ایس ایس پی اے سی ایل سی عاصم قائم خانی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ اے سی ایل سی پولیس نے گاڑیوں اور موٹرسائیکلوںکی چوری اور چھینے جانے کی وارداتوں کی روک تھام کے لیے موٹر سائیکل مکینک، موٹر مکینک اور سی این جی کٹ و سلنڈر فروخت اور تبدیل کرنے والی ورک شاپس کے کوائف جمع کرنا شروع کر دیے ہیں اور اس سلسلے میں تمام اے سی ایل سی کے ڈویژن انچارج افسران کو باقاعدہ ہدایت بھی کردی گئی ہے۔




انھوں نے کہا کہ شہری بھی اپنی گاڑیوں میں نصب سی این جی کٹ اور سلنڈر پر لکھے نمبرز کو اپنے پاس محفوظ رکھیں تاکہ چوری اور چھینے جانے کی صورت میں گاڑیوں سے سی این جی کٹ اور سلنڈر نکالے جانے کے بعد اوپن مارکیٹ میں فروخت نہ کیے جا سکیں۔

انھوں نے بتایا کہ اے سی ایل سی پولیس نے گزشتہ 3 سے 4 روز کے دوران شہر کے مختلف علاقوں یونیورسٹی روڈ، سماما شاپنگ سینٹر، النور سمن آباد، بلال چورنگی سے 7ملزمان مختیار احمد چانڈیو ولد مولا بخش ، عبدالواجد ولد عبدالغفور ،درمحمد بروہی ولد علی شیر ، محمد رضا ولد غلام رسول ،محمد الطاف ولد ارباب علی ، گل محمد عرف گلو اور علی مراد ولد محمد حسین کو گرفتار کر کے 12کاریں ،2موٹر سائیکل، 4 پستول، ایک رپیٹر اور 15کارتوس برآمد کرلیے ہیں ، انھوں نے بتایا کہ برآمد کی جانے والی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں شارع نور جہاں ، تیموریہ ، شارع فیصل ، سمن آباد، پوش نگر ، گلبہار ، کھارادر،ناظم آباد ، عزیز بھٹی اور تھانہ شرافی گوٹھ تھانے سے چھینی گئی تھی۔
Load Next Story