کراچی کیلیے ڈیزاسٹر مینجمنٹ پلان تیار کرلیا ہاشم رضا

ایمرجنسی نمبر999مخصوص کیا جارہا ہے،شہری حادثے کی اطلاع دے سکیں گے.

تنخواہوں کی ادائیگی کے بعد پہلی ترجیح فائر بریگیڈ کی درستی ہے، ہاشم رضا فوٹو: فائل

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر سید ہاشم رضا زیدی نے کہا ہے کہ شہر کے لیے ایک جامع ڈیزاسسٹر مینجمنٹ پلان تیار کر لیا گیا۔

جس کے تحت کمشنر کراچی کے دفتر میں ایمرجنسی کنٹرول روم قائم کیا جائے گا، جس کیلیے ایمرجنسی نمبر 999 مخصوص کیا جارہا ہے تاکہ شہری کسی بھی حادثے کی اطلاع دے سکیں،یہ بات ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی سید ہاشم رضا زیدی نے اپنے دفتر میں جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔




اجلاس میں روڈ ٹریفک انجری ریسرچ اینڈ پریوینشن سینٹر نے ٹریفک حادثات کے بارے میں اپنی رپورٹ پیش کی، ہاشم رضا زیدی نے کہا کہ جدید نظام کے ذریعے کنٹرول روم میں موجود عملہ شہر میں کسی بھی مقام پر ہر قسم کے حادثات اور آفات کو مانیٹر کر سکے گا۔

کنٹرول روم میں موجود عملہ کو ڈیزاسٹر میں مطلوب ہر قسم کی معلومات جدید نظام کے ذریعے مہیا کی جائیں گی، تمام سٹرکوں پر ٹریفک کی صورتحال کے ساتھ ساتھ اسپتالوں میں موجود ہر قسم کی ضروری سہولت بشمول خالی بستروں کی تعداد بھی معلوم ہو سکے گی،علاوہ ازیں فائر بریگیڈ کو جدید آلات اور گاڑیوں کی فراہمی کی ایک بین الاقوامی کمپنی کی بریفنگ کے بعد افسران سے خطاب کرتے ہوئے ہاشم رضا زیدی نے کہاکہ ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے بعد پہلی ترجیح محکمہ فائربریگیڈ کی درستگی اور اسے جدید آلات سے لیس کرنا ہے اور چھوٹے فائر ٹینڈرڈ اور گاڑیاں خریدی جائیں گی۔
Load Next Story