کراچی میں فائرنگ اور بم دھماکا کے ای ایس سی کے افسر ڈاکٹر اور فوجی سمیت مزید9افراد ہلاک

جاں بحق ہونیوالا کے ای ایس سی کاافسرفرحان متحدہ کا جوائنٹ یونٹ انچارج بھی تھا،3زخمی

کراچی :نارتھ ناظم آباد سیفی کالج کے قریب بم دھماکے میں تباہ ہونے والی کار جائے وقوع پر موجود ہے (فوٹو ایکسپریس)

کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات اوربم دھماکے میں کے ای ایس سی کے افسر،ڈاکٹر، پاک فوج کے لانس نائیک اورمتحدہ قومی موومنٹ کے کارکن سمیت مزید9افرادہلاک ہوگئے ۔

تفصیلات کے مطابق ناظم آبادسیفی کالج کے قریب سیاہ رنگ کی 2.OD ٹویوٹاکرولاکارنمبر AER-886 میں خوفناک دھماکاہوگیاجس کے نتیجے میں کارسوار 40 سالہ فرحان خلیل جاں بحق جبکہ عمیرولدشبیر سمیت 3 افرادزخمی ہوگئے ،دھماکا اتنا شدید تھاکہ کار کے پرخچے اڑ گئے اورگاڑی کے پارٹس دور دور جا گرے جبکہ قریبی عمارتوں اور مکانوں کے مکین خوفزدہ ہوکرگھروں سے باہر نکل آئے ،دھماکے میں فرحان خلیل کاایک ہاتھ تن سے جدا ہوگیا۔

ہلاک و زخمی ہونے والوں کوعباسی شہید اسپتال لے جایاگیا،بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والا فرحان خلیل کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی میں ڈپٹی جنرل مینجرریکوری تھااوراپنے دفترنارتھ ناظم آباد بلاک F سے نکل کرکچھ ہی دور گئے تھے کہ کارمیں خوفناک دھماکاہوگیا،بم ڈسپوزل اسکواڈ کے افسر صابر کے مطابق دھماکے میں مقناطیسی ٹائم ڈیوائس استعمال کی گئی تھی جو کہ ڈرائیونگ سیٹ کے نیچے کار کی چادرپرمیں چپکائی گئی تھی جس میں ایک کلودھماکاخیز مواد ہائی ایکسپلوزیو اورٹائمر استعمال کیا گیا۔

دھماکے میں کار کی ڈرائیونگ سیٹ کے نیچے چادرکاحصہ تباہ ہوگیاجبکہ ڈرائیونگ کرنے والا شخص فرحان خلیل دھماکے سے شدیدمتاثر ہوا جس مقام پر دھماکاہوا وہاں پر سڑک پر چھوٹا سے گڑھا پڑ گیا اورقریب نالے اور مکان کی دیواروں پرذرات لگنے سے پلاسٹر اکھڑگیاجبکہ دھماکے کے بعدکار 20 فٹ دور تک گئی اورنالے کی دیوار سے ٹکرا کر روک گئی ،کار سے ایک نائن ایم ایم پستول بھی ملا ہے جسے قبضے میں لے لیاگیا،جاں بحق ہونے والا فرحان خلیل متحدہ قومی موومنٹ گلشن اقبال سیکٹرکے یونٹ66-C کاجوائنٹ یونٹ انچارج اور 5 بہن بھائیوں میں سب سے بڑا تھا،فرحان خلیل کی اہلیہ امریکامیں مقیم ہیں۔

جبکہ وہ 4 سالہ بیٹی کے والداور گلشن اقبال بلاک 11 رہائشی تھے،واضح رہے کہ چندماہ قبل سیفی کالج کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے سیدعمران علی جاں بحق ہواتھا جو کہ کے ای ایس سی میں ڈپٹی جنرل منیجرتھے اور ان کے قتل کے بعدفرحان خلیل کواس عہدے پر تعینات کیا گیاتھا،چند ماہ میں کے ای ایس سی نارتھ ناظم آبادآفس میں ایک ہی عہدے پرکام کرنے والے 2 افسران کو کو فائرنگ اوربم دھماکے کانشانہ بنایاگیا،کار میں مقناطیسی ٹائم ڈیوائس نصب کر کے دھماکا کرنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔


اس سے قبل گلستان جوہرمیلنیئم مال کے قریب شیل پمپ پرکار کے نیچے مقناطیسی ٹائم ڈیوائس لگانے کے دوران دھماکا ہوا تھا جس میں ایک نامعلوم شخص ہلاک اور کارتباہ ہوگئی تھی۔ناظم آباد7نمبرکے سنگل کے قریب کاررجسٹریشن نمبر ADG-927 پرموٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ڈاکٹر اسد عثمان ،ان کاسیکیورٹی گارڈ پولیس اہلکارعرفان نورانی جاں بحق ہوگئے ،ڈاکٹراسدعثمان سے نامعلوم ملزمان نے50لاکھ روپے بھتہ طلب کیاتھااورگزشتہ کئی ماہ سے انھیں مسلسل دھمکی آمیزٹیلی فون کالزموصول ہورہی تھیں،منگل کو وہ اپنے گارڈ کے ہمراہ کارمیں نکلے تھے کہ ناظم آباد7نمبر کے سگنل کے قریب گھات لگائے موٹر سائیکل سوارملزمان نے انھیں فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔



جاں بحق ہونے والا سیکیورٹی گارڈعرفان نورانی سیکیورٹی زون ٹومیں تعینات اورایس پی طاہرنورانی کاچھوٹابھائی تھا ،ڈاکٹراسدعثمان کراچی میڈیکل اینڈڈینٹل کالج میں اسسٹنٹ پروفیسرتھے اورگزشتہ12 برس سے شعبہ تدریس سے وابستہ تھے،ڈاکٹراسد نارتھ ناظم آبادآئی بلاک خدیجہ مارکیٹ کے قریب رہائش پذیرتھے۔یونیورسٹی روڈپرفائرنگ سے 45 سالہ حیات اللہ ہلاک ہوگیا۔لانڈھی مرتضیٰ چورنگی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 55 سالہ منصورذاکرہلاک ہوگیا، مقتول سپارکومیں ملازمت کرتا تھا اورواقعے کے وقت اپنے دوست کے ہمراہ گاڑی میں جارہاتھا۔شاہ فیصل کالونی الحیدرسوسائٹی میں نامعلوم افرادنے گھرمیںگھس کر33سالہ ملک افتخارکو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔

مقتول موٹر مکینک تھا،الفلاح کے علاقے شمسی سوسائٹی میں البدر روڈ پر موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزمان نے سوزوکی پک اپ رجسٹریشن نمبر KP-7886 پرفائرنگ کردی جس کے نتیجے میں سوزوکی میں بیٹھے26سالہ شفیع عالم ، شعیب اوریاسرشدیدزخمی ہوگئے جنھیں اسپتالوں میں منتقل کیا جارہا تھا کہ اسپتال پہنچنے سے قبل ہی شفیع عالم اورشعیب دم توڑ گئے جبکہ یاسر کو زخمی حالت میں عباسی شہید اسپتال میں داخل کرادیا گیا ، ہلاک ہونے والا شعیب پاک فوج کاحاضر سروس لانس نائیک ہے اور اس کا آبائی تعلق چکوال سے ہے جبکہ وہ چھٹیوں پر آیاہوا تھا،الفلاح پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا شفیق اورزخمی یاسر متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن ہیں۔قصبہ کالونی شہزادموڑ کے قریب میڈیکل سینٹرکے سامنے موٹرسائیکل پر سوارملزمان کی فائرنگ سے 35 سالہ سید احمدعلی زیدی ہلاک ہوگیا۔

مقتول قصبہ کالونی کا رہائشی اور میڈیسن کے شعبے سے وابستہ تھا۔یونیورسٹی روڈسے گزرنے والے جلوس جنازہ کے شرکا کو شارع فیصل کی جانب سے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ واپس لایاجارہاتھاکہ اس دوران نامعلوم افرادکی فائرنگ سے وائرلیس گیٹ پر2خواتین خورشیداور شیریں،ڈرگ روڈپرایک پولیس اہلکار،گلستان جوہرمیں صفوراچوک کے قریب35 سالہ ارابی حسین ولداللہ وسایوزخمی ہوگیاجبکہ راشدمنہاس روڈپرملینیئم شاپنگ مال کے قریب نامعلوم افرادنے شدیدفائرنگ کی جس سے بھگدڑ مچ گئی۔

متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکراگئیں ،کئی موٹر سائیکل سوار گرگئے ، بلدیہ ٹاؤن سیکٹر D-3 میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 40 سالہ ممتاززخمی ہوگیا،مضروب متحدہ قومی موومنٹ کاسابق جوائنٹ یونٹ انچارج بتایا جاتاہے۔شارع فیصل کے علاقے گلشن جمال میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 18سالہ زین ، گلستان جو ہر حسین ہزارہ گوٹھ میں فائرنگ سے 32 سالہ برکت جبکہ ماڈل کالونی میں مدینہ مسجد کے قریب فائرنگ سے 60 سالہ مشتاق شاہ زخمی ہوگیا۔دریں اثناگورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے ڈاکٹر اسدعثمان اورکے ای ایس سی کے افسر فرحان خلیل کے دہشتگردی کی وارداتوں میں جاں بحق ہونے پرافسوس کا اظہار کیا ہے اورآئی جی پولیس سے واقعات کی رپورٹ طلب کی ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story