حکومت کے5سال ملک کی تاریخ کاسیاہ دور تھا غنویٰ بھٹو

16مارچ یوم نجات ہے،پیپلزپارٹی(ش)آئندہ انتخابات میں اکیلے حصہ لے گی

ذوالفقاربھٹو(جونیئر) اورفاطمہ بھٹواب جوان ہیں، اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرینگے فوٹو: فائل

پاکستان پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) کی چیئرپرسن غنویٰ بھٹو نے پیپلزپارٹی کی حکومت کو بدعنوان، نااہل قرار دیتے ہوے 5سالہ کارکردگی کو ملک کے لیے سیاہ دور قرار دیاہے۔

ان کا کہنا ہے کہ آئندہ انتخابات میں پی پی پی(ش ب) کسی جماعت کے ساتھ اتحاد کرنے کے بجائے اکیلے انتخابات میں حصہ لے گی، ذوالفقار علی بھٹو (جونیئر) اور فاطمہ بھٹو اب جوان ہیں، وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منگل کو 70کلفٹن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

غنویٰ بھٹو نے16مارچ کو حکومت کے خاتمے کو ''یوم نجات'' قرار دیتے ہوئے حکومت کے خلاف وائٹ پیپر جاری کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ان 5برسوں میں زرداری خاندان یا ان کے دوستوں کا راج رہا۔ حکومت امریکا کی آشیرباد سے معرض وجود میں آئی۔




سامراجی قوتوں کے مفادات کی جنگ کو اپنی جنگ قرار دے کر ملکی سرزمین کو میدان جنگ بنایا جس میں ایک اندازے کے مطابق 80ہزار کے قریب پاکستانی شہری لقمہ اجل بن چکے ہیں اور کھربوں روپے کی ملکی دولت ضائع ہوچکی ہے۔

انھوں نے کہاکہ مفاہمت کے نام پر منافقت، موقع پرستی بے اصولی، اقربا پروری اور کرپشن کی سیاست زوروں پر رہی اور ملکی تاریخ میں پہلی بار پارلیمنٹ میں موجود تمام پارٹیاں اقتدار میں شامل رہ کر اقتدار کے مزے لوٹتی رہیں۔ ملک کے متعدد منافع بخش ادارے خسارے کی نذرہوگئے۔ این آر او کے ذریعے اربوں روپے کی لوٹی گئی ملکی دولت کو جائز قرار دیاگیا۔
Load Next Story