میڈیکل کالجوں میں داخلوں کا آغاز 3 ستمبر سے ہوگا

گلگت بلتستان کے طلبا کے لیے4سیٹیں مختص،سندھ میڈیکل یونیورسٹی اور لیاری میڈیکل کالج کا داخلہ فارم علیحدہ نہیں ہوگا،

گلگت بلتستان کے طلبا کے لیے4سیٹیں مختص،سندھ میڈیکل یونیورسٹی اور لیاری میڈیکل کالج کا داخلہ فارم علیحدہ نہیں ہوگا، صوبائی وزیر صحت

KARACHI:
صوبائی محکمہ صحت نے صوبے سرکاری میڈیکل کالجوں و یونیورسٹیز میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس سال برائے2012-13 میں داخلوں کیلیے یونیفارم پالیسی کا اعلان کردیا ہے جس کے تحت کراچی سمیت صوبے کے تمام میڈیکل و ڈینٹل کالجوں و یونیورسٹیز میں داخلے کیلیے بیک وقت انٹری ٹیسٹ منعقد کرائے جائیں گے جبکہ ان کالجوں میں داخلے کیلیے3 ستمبر سے داخلہ فارم جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

صوبے کے میڈیکل کالجوں میں یونیفارم داخلہ پالیسی کے حوالے سے منگل کو سندھ سیکریٹریٹ میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر صغیر احمدکی سربراہی میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا جس میں سیکریٹری صحت آفتاب کھتری موجود نہیں تھے، ایڈیشنل سیکریٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر سریش کمار، ڈاؤ یونیورسٹی کے پرووائس چانسلر پروفیسر عمرفاروق، سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طارق رفیع، لیاری میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر اقبال میمن، لیاقت یونیورسٹی جامشورو کے وائس چانسلر پروفیسر مشہود عالم، شہید بے نظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ کے وائس چانسلر پروفیسر اکبر حیدر سومرو، پیپلز یونیورسٹی نوابشاہ کے پروفیسر اعظم یوسفانی اور ڈاکٹر عزیز میمن سمیت دیگر نے شرکت کی۔


اجلاس میں کراچی سمیت صوبے کے میڈیکل کالجوں میں17سو سیٹوں پر داخلے کیلیے بیک وقت3 ستمبر کو داخلہ فارم جاری کیے جائیں گے،17ستمبر داخلہ فارم جمع کرانے آخری تاریخ ہوگی، نامکمل تعلیمی کوائف جمع کرانے والے امیدواروں کو22 ستمبر تک اپنی مکمل تعلیمی اسناد جمع کرانے کی مہلت ہوگی،25 ستمبرکو انٹری ٹیسٹ میں شرکت کے امیدواروںکی فہرست آویزاں اور نیٹ پر جاری کی جائیگی، داخلہ فارم پر اعتراضات29 ستمبر تک جمع کرائے جاسکیں گے۔

7 اکتوبر کو بیک وقت انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیا جائیگا، انٹری ٹیسٹ کیلیے کراچی سمیت5 امتحانی مراکز قائم کیے جائیں گے، انٹری ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان10اکتوبرکو کیا جائیگا، ابتدائی میرٹ فہرست15 اکتوبرکو آویزاں کی جائیگی،16اکتوبر کو اس پر اعتراضات جمع کرائے جاسکیں گے جبکہ حتمی میریٹ فہرست20 اکتوبر کو آویزاں کردی جائیگی۔

یکم نومبر سے نئے تعلیمی سال کا آغازکردیا جائیگا،اجلاس میں وزیر صحت نے بتایا کہ سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے داخلہ فارم ڈاؤیونیورسٹی کے پراسپیٹکس میں شامل کیے جانے کا فیصلہ کیا ہے اورکہا کہ سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے داخلہ فارم علیحدہ سے شائع نہیں کرائے جائیں گے، وزیر صحت نے میڈیکل کالجز و یونیورسٹیز کی فیسوں میں اضافے تجویز کو بھی یکسرمسترد کردیا ہے۔
Load Next Story