ریہا چکرورتی پروڈیوسر سپی کی نئی فلم میں جلوہ گر ہونگی

2012میں فلمی سفر کا ساؤتھ سے کیا،دوسری بالی وڈ فلم میں پرفارمنس کا جادو جگانے کے لیے رقص میں بھی خصوصی مہارت حاصل کرلی

بہت کچھ سیکھنا باقی ہے، نئی فلم ’’سونالی کیبل‘‘کی پوری ٹیم ہی میرے ساتھ تعاون کررہی ہے،20 سالہ بالی وڈ اداکارہ، ماڈل اور میزبان کی گفتگو۔ فوٹو: فائل

بالی وڈ اداکارہ ریہا چکرورتی ،روہان سپی کی نئی آنیوالی ہندی فلم ''سونالی کیبل''میں جلوہ گرہونے کے لیے تیار ہیں۔

حال ہی میں ریلیز ہونے والی کامیڈی فلم ''میرے ڈیڈ کی ماروتی ''سے بالی وڈ میں قدم رکھنے والی اداکارہ ریہا چکرورتی نے دوسری بالی وڈ فلم میں اپنی پرفارمنس کا جادو جگانے کے لیے رقص میں بھی اب خصوصی مہارت حاصل کرلی ہے۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ آنیوالی فلم میں اپنی پرفارمنس سے شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں مکمل کامیابی حاصل کرلوں گی ۔انھوں نے کہا کہ سپی کی آنیوالی فلم تکمیل کے مراحل میں ہے اور یہ فلم رواں سال ستمبر میں سینماگھروں کی زینت بنائی جائے گی ۔انھوں نے کہا کہ ہدایت کار چرودت اچاریہ نے خود ہی اس فلم کی کہانی لکھی ہے۔

اداکارہ ریہا چکرورتی نے بتایا کہ فلم میں انتہائی اہم کردار نبھارہی ہوں ،اس فلم کی کہانی میرے ہی کردار کے گرد گھومتی ہے ۔میوزک بھی جاندار ہے اس فلم کے گیتوں پر پرفارم کرنے کے لیے رقص کے شعبے میں خاص طور پر تربیت حاصل کرلی ہے۔ انھوں نے کہا کہ آنیوالی کئی فلموں میں آئٹم سانگ کے لیے بھی پیشکش ہوئی ہے۔ 20 سالہ بالی وڈ اداکارہ ریہا چکرورتی کا کہنا ہے کہ ابھی بہت کچھ سیکھنا باقی ہے۔ بالی وڈ میں تمام سینئرز کی جانب سے مکمل تعاون حاصل رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ نئی فلم ''سونالی کیبل''کی پوری ٹیم ہی میرے ساتھ تعاون کررہی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ بالی وڈ میں ٹیلنٹ کو آگے بڑھنے کے بھرپور مواقع میسر آتے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ آنیوالی فلموں میں مختلف کردار نبھانا چاہتی ہوں ۔کئی فلموں میں کام کرنے کی آفرز آئی ہیں۔ اداکارہ ریہا چکرورتی نے کہا کہ منفرد کام کرکے ممتاز مقام حاصل کرنے کی خواہش ہے۔ اداکارہ نے کہا کہ مشہور پروڈیوسر سپی کی جانب سے مجھے فلم میں لیڈنگ لیڈی رول بلکہ مرکزی کردار میں کاسٹ کرلینا بہت بڑا فیصلہ ہے ۔انھوں نے کہا کہ ان کی توقعات پر بھی پورا اترنے کے لیے بھرپور تیاری کررہی ہوں اور فلم میں اپنے کردار کو خوبی سے نبھاؤں گی۔ اداکارہ کے مطابق شائقین کی جانب سے پہلی ہندی فلم میں میری پرفارمنس پر بہت اچھا رسپانس سامنے آیا ہے۔




ان کی حوصلہ افزائی پر ان کا تہہ دل سے ممنون ہوں ۔پرفارمنس کو مزید دلچسپ اور بہتر بنانے کی کوشش کرتی رہوں گی۔انھوں نے کہا کہ آنیوالی فلموں میں جو بھی کردار ملے گا اس کا مطالعہ کرکے اپنی پرفارمنس کو اس کے قالب میں ڈھالنے کی بھی کوشش ہوگی اور آٰنیوالی فلموں میں اپنے انداز بھی بہتر بنانے کے لیے محنت کرتی رہوں گی۔ اداکارہ نے اپنی آنیوالی فلموں کے حوالے سے شیڈول ترتیب دیدیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ماڈلنگ کے شعبے میں بھی کام جاری رکھنا چاہتی ہوں۔ اداکاری کے مختلف رموز کو سمجھنے کے لیے سینئرز سے رہنمائی حاصل کرتی رہتی ہوں ۔بالی وڈ میں اچھے فنکاروں کے لیے کام کی کوئی کمی نہیں ہے۔نئے چہروں کو آگے بڑھنے کے بھرپور مواقع ملتے ہیں۔

ان کی تشہیر بھی ہوتی ہے اور سینئرز کی جانب سے انھیں رہنمائی بھی ملتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اپنے کام کو خوبی سے نبھانے کی خاطر تگ ودو کرتی رہوں گی۔ اپنی الگ شناخت بنانے کے لیے کوشاں رہوں گی ۔واضح رہے کہ یکم 1992 کو پونے میں پیدا ہونے والی 20 سالہ اداکارہ ریہا چکرورتی نے کیرئیر کا آغاز 2009 کے دوران ایم ٹی وی پر میزبانی سے کیا ۔اداکارہ نے بیوٹی کوئین کے مقابلہ میں حصہ لے کر ایوارڈ جیتا ۔اس کے بعد ریہا چکرورتی نے متعدد شوز کیے جن میںان کی پرفارمنس کو بے حد پسند کیا گیا۔ 2012 کے دوران اداکارہ ریہا چکرورتی نے فلمی سفر کا آغاز تلگو فلم سے کیا ،ساؤتھ کے میگااسٹار کے ساتھ پرفارم کرکے اداکارہ نے ساؤتھ کے سینماگھروں میں دھاک بٹھادی۔

اس کے بعد رواں سال ہی ریلیز ہونے والی کامیڈی فلم''میرے ڈیڈکی ماروتی ''میں کام کرکے ہندی سینما میں بھی جلوہ گرہوگئیں ۔بالی وڈ میں پہلی فلم کے حوالے سے نقادوں کا کہنا ہے کہ اداکارہ کی صلاحیتوں کا اظہار ہوتا ہے۔ اس فلم سے ان کی پرفارمنس کو سراہاگیا ہے اور امید کی جاسکتی ہے کہ ریہا چکرورتی آنیوالی فلموں میں بڑی اداکارہ بن کر سلور اسکرین پر حکمرانی کا خواب شرمندہ تعبیر کرنے میں بھی کامیاب رہیں گی۔ ادھر اداکارہ ریہا چکرورتی کی جانب سے ٹی وی شوز کے لیے پرفارمنس کا سلسلہ بھی جارہی رکھا ہوا ہے ۔ان ٹی وی شوز میں ان کے ساتھ ایوشمن کھرانہ بھی کام کرچکے ہیں۔
Load Next Story