کٹاس راج مندرمیں مقدس تالاب کا پانی بحال کردیا گیا

فروری میں بھارت سے آنیوالے ہندو یاتریوں کو بہت کچھ نیا دیکھنے کو ملے گا،صدیق الفاروق

سری کٹاس راج چار مذہب کا سنگم اور مذہبی سیاحت کے فروغ کا اہم مرکز ہے، صدیق الفاروق۔ فوٹو: فائل

ہندوؤں کے مذہبی استھان شری کٹاس راج مندر میں مقدس تالاب کا پانی "امرکنڈ" اپنی سطح پر واپس بحال کر دیا گیا ہے۔

چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ محمد صدیق الفاروق نے کٹاس راج مندر چکوال میں ملک بھر سے آئے ہندو رہنماؤں اور ارکان اسمبلی کے اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کٹاس راج مندرمیں مقدس تالاب کا پانی بحال کردیا گیا جب کہ خوبصورتی کیلیے زیتون سمیت مختلف اقسام کے پودے لگائے جائیں گے، سری کٹاس راج چار مذہب کا سنگم اور مذہبی سیاحت کے فروغ کا اہم مرکز ہے۔


صدیق الفاروق نے مزید بتایا کہ اجلاس میں ہندو رہنماؤں نے مندر کی تزئین و آرائش کیلیے تجاویز دی ہیں جس پر جلد عملدآمد کیا جائیگا اور فروری میں بھارت سے آنے والے ہندو یاتریوں کو بہت کچھ نیا دیکھنے کو ملے گا۔

دوسری جانب ہندو رکن سندھ اسمبلی دیوان چند چاولہ نے بتایا کہ قائد اعظم کے فرمان کے مطابق اقلیتوں کو تحفظ دیا جا رہا ہے یہاں بسنے والے ہر ہندو کو پاکستانی ہونے پر فخر ہے۔ ایم پی اے سندھ اسمبلی ہر گن آہوجا نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے ہندوؤں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔
Load Next Story