جج کے تحفظ سے انکار پرایس ایس پی کیخلاف ریفرنس ارسال

ایس ایس پی اعجاز ہاشمی کی طلبی پر عدالتی عملے سے بدتمیزی،سیکیورٹی نہیں دے سکتا

ایس ایس پی اعجاز ہاشمی کی طلبی پر عدالتی عملے سے بدتمیزی،سیکیورٹی نہیں دے سکتا فوٹو: فائل

دہشت گردی کی ایکٹ کے اضافی اختیارات کے حامل فاضل جج کو تحفظ فراہم کرنے سے اعلیٰ افسر نے انکار کردیا ہے۔

جبکہ ڈیوٹی افسر نے پٹرول کی عدم دستیابی کا بہانہ کردیا، فاضل جج نے ایس ایس پی سیکیورٹی کے خلاف فوری کارروائی کرنے کیلیے رجسٹرار سندھ ہائی کورٹ کو ریفرنس ارسال کردیا،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ملیر اور اضافی اختیارات برائے دہشت گردی ایکٹ کی جج منور سلطانہ نے دہشت گردی کے مقدمات کی سماعت کیلیے ایس ایس پی سیکیورٹی اعجاز احمد ہاشمی کو سیکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دیا تھا۔




تاہم پولیس افسر نے اپنے نمائندہ اسسٹنٹ سب انسپکٹر کو عدالت میں بھیج دیا تھا اس موقع پر فاضل جج نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور ایس ایس پی سیکیورٹی کو فوری طلب کیاجس پر مذکورہ اعلیٰ افسر عدالت میں پیش ہوئے اور عدالتی عملے سے بدتمیزی کی اور کہا کہ وہ کوئی سیکیورٹی فراہم نہیںکرسکتے، فاضل جج نے ہائی کورٹ کے رجسٹرارکو ایس ایس پی کے خلاف کارروائی کیلیے ریفرنس ارسال کردیا ہے۔

بعدازاں عدالت نے ڈیوٹی افسر تھانہ ملیر سٹی کو پروٹوکول فراہم کرنے کا حکم دیا تاہم انھوں نے بھی پٹرول کی عدم فراہمی کا بہانہ کیا اور سی این جی پولیس موبائل سے رابطہ کرنے کی استدعا کی تھی،جس پر فاضل عدالت نے انکے خلاف بھی کارروائی کا حکم دیدیا،واضح رہے کہ سندھ ہائیکورٹ نے فاضل جج سمیت 15ججز کو دہشت گردی ایکٹ کے تحت زیرسماعت مقدمات کی سماعت کرنے کا حکم دیا تھا اور انھیں اضافی اختیارات دیے ہیں۔
Load Next Story