ڈاکٹراسد اور فرحان خلیل کے قاتلوں کوگرفتار کیاجائے معراج الہدیٰ

پشاور میںعدالتوں کو بھی ٹارگٹ بنایا جانا ہمارے لیے لمحہ فکریہ ہے،حنیف طیب

یہ فرقہ واریت نہیں بلکہ کھلی دہشت گردی اور کراچی کو بیروت بنانے کی عالمی سازش کا حصہ ہے فوٹو : فائل

جماعت اسلامی سندھ کے امیرڈاکٹر معراج الہدیٰ نے عباسی شہید اسپتال کے ڈاکٹراسدعثمان اورکے ای ایس سی افسرفرحان خلیل کے بہیمانہ قتل کی سخت مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ قاتلوں کو گرفتار کرکے عبرتناک سزا دی جائے۔

انھوں نے کہا کہ یہ فرقہ واریت نہیں بلکہ کھلی دہشت گردی اور کراچی کو بیروت بنانے کی عالمی سازش کا حصہ ہے،عوامی اورجمہوریت کے دعویدار حکمران اتحاد نے اپنے پانچ سالہ دور اقتدار میں مفاہمت کے نام پر قاتلوں کو بے گناہ لوگوں کے خون سے ہولی کھیلنے کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے ، آئے روز علما ، طلبا ، اساتذہ ، ڈاکٹرز، اہل فکر و دانش ، سیاسی وسماجی کارکنوں سمیت روزگار کیلیے آنے والے افراد کو گولی کا نشانہ بنایا گیا ۔




گذشتہ دنوں معروف سماجی کارکن پروین رحمٰن ،ماہر تعلیم، ادیب و کالج کے پرنسپل سید سبط جعفرزیدی کے بعد ڈاکٹر اسدعثمان اور کے ای ایس سی افسرفرحان خلیل کا قتل حکومتی نااہلی اور قومی المیہ ہے ۔

انھوں عوام پر زور دیا کہ کرپٹ قیادت اور قاتل ٹولے سے نجات کیلیے انتخابات میں اہل اور دیانتدار لوگوں کو ووٹ دیکر کامیاب کریں،دریں اثنا سنی اتحاد کونسل کے سیکریٹری جنرل اور نظام مصطفی پارٹی کے سربراہ حاجی محمد حنیف طیب نے ڈاکٹرز ، پروفیسرز، وکلا اور دینی رہنمائوں سمیت پروفیشنلزکی ٹارگٹ کلنگ پر افسوس اورتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹارگٹ کلنگ کا یہ سلسلہ جاری رہا تو یہ لوگ اپنے آپ کو غیرمحفوظ سمجھتے ہوئے ملک سے منتقل ہو نا شروع ہوجائیں گے، عدالتوں کو بھی ٹارگٹ بنایا جانا ہمارے لیے لمحہ فکریہ ہے ۔
Load Next Story