رکن اسمبلی کے معاون کا غفار ذکری کے لیے بھتہ جمع کرنے کا انکشاف

سرگوادمحلے میں بلڈرسے بھتہ لینے والے نبیل کی نشاندہی پرکئی افراد پکڑے گئے

سرگوادمحلے میں بلڈرسے بھتہ لینے والے نبیل کی نشاندہی پرکئی افراد پکڑے گئے فوٹو : فائل

لیاری میں رکن قومی کا معاون (کوارڈی نیٹر) فرید لیاری گینگ وار کے غفار ذکری گروپ کا سہولت کار تھا اس بات کا انکشاف سیکیورٹی ادارے کے ہاتھوں گرفتار بھتہ خور نبیل نے دوران تفتیش کیا ہے۔

گرفتاری سے بچنے کے لیے رکن قومی اسمبلی کا کوارڈی نیٹر فرید ایران فرار ہوگیا ہے، ذرائع نے بتایا ہے کہ گزشتہ ہفتے سیکیورٹی ادارے نے کلری تھانے کی حدود دریا آباد سرگواد محلے میں چھاپہ مارکر مقامی بلڈر سے مبینہ طور پر بھتے کی رقم وصول کرنے آنے والے بھتہ خور نبیل کو حراست میں لیا تھا بھتہ خور نبیل کی نشاندہی پر لیاری کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران کئی افراد حراست میں لیے گئے جن میں سے جرائم میں ملوث کئی افراد اب بھی زیرتفتیش ہیں اور بے قصور افراد کو چھوڑ دیاگیا ہے۔


بھتہ خور نبیل نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ سابق کونسلر اور اب قائم مقام ناظم فرید جو ان دنوں رکن قومی اسمبلی کا معاون (کوارڈی نیٹر) ہے اور سرگواد محلے کا رہائشی ہے لیاری گینگ وار کے غفار ذکری اور اس کے بھائی شیراز ذکری سے رابطے میں ہے۔ دونوں ذکری برادران اکثر اس کے گھر پر مہمان بن کر آتے تھے،غفار ذکری کے کارندے لیاری سے بھتہ اکھٹا کرکے فرید کو دیتے تھے جو اپنا حصہ رکھ کر باقی بھتے کی رقم ذکری برادران کو پہنچادیتا تھا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ فرید کی بے گناہی ثابت کرنے کیلیے لیاری کی اہم شخصیات نے سیکیورٹی ادارے کے افسران سے ملاقات کی کوشش کی تھی ابتدا میں تو انھیں ملاقات کا وقت دیدیا گیا تاہم اعلیٰ حکام کے حکم پر ان سے ملاقات نہیں کی گئی جس کے بعد فرید بیرون ملک (ایران) فرار ہوگیا۔
Load Next Story