بجلی کے تار گرنے سے گاؤں میں آتشزدگی

لاکھوں روپے مالیت کا گھریلو سامان اور اناج جل گیا، مکین صرف جانیں بچا سکے، حادثہ ٹنڈوجام کے نواحی گاؤں میں پیش آیا

گاؤں والوں کے مطابق یہ سب اتنی جلدی ہوا کہ وہ صرف اپنے گھروں سے نکل کر جانیں بچا سکے. فوٹو: فائل

کسانہ موری کے قریب گوٹھ میں بجلی کے تار گرنے سے آگ لگ گئی، 25 مکانات جل کر خاکستر، لاکھوں روپے مالیت کا سامان تباہ، درجنوں مویشی زخمی، فائر بریگیڈ کی مدد سے آگ بجھائی گئی۔

تفصیلات کے مطابق کسانہ موری کے قریب واقع گوٹھ تھارو سولنگی میں جمعرات کے دوپہر بجلی کا تار گرنے سے اچانک آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے پورے گاؤں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

گاؤں والوں کے مطابق یہ سب اتنی جلدی ہوا کہ وہ صرف اپنے گھروں سے نکل کر جانیں بچا سکے اور گوٹھ کے 25 مکانات میں رکھا ہوا لاکھوں روپے مالیت کا قیمتی سامان جس میں ٹی وی، فریج ودیگرسامان جل کر خاکستر ہوگیا جبکہ درجنوں مویشی بھی جھلس کر زخمی ہوگئے۔




بعدازاں حیدرآباد، ٹنڈوجام اور ٹنڈوالہیار سے فائر بریگیڈ طلب کی گئی جس کی مدد سے کئی گھنٹے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔ عبدالرزاق سولنگی، فیض محمد سولنگی نے بتایا کہ گاؤں کے گرد کے بجلی کے تار انتہائی بوسیدہ ہو چکے ہیں جس کے باعث یہ حادثہ رونما ہوا۔ انھوں نے حکومت سے متاثرہ خاندانوں کی مالی امداد کی اپیل کی ہے۔

علاوہ ازیں پیپلز پارٹی یوسی ساون خان گوپانگ کے صدر اسلم مگسی، جمال مگسی بھی موقع پر پہنچے اور متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور ہر ممکن امداد کی یقین دہانی کرائی۔
Load Next Story