ناقص دفاعی کھیل کے سبب شکست ہوئی سابق اولمپئنز

گول کیپر کی کارکردگی خراب رہی (حسن سردار)فٹنس کا پول کھل گیا، اصلاح الدین

گول کیپر کی کارکردگی خراب رہی (حسن سردار)فٹنس کا پول کھل گیا، اصلاح الدین, فوٹو رائٹرز

KARACHI:
سابق اولمپئنز نے لندن گیمز میں قومی ہاکی ٹیم کی آسٹریلیا کے ہاتھوں شرمناک شکست کا سبب ناقص دفاعی کھیل کو قرار دیا ہے۔ میڈیا سے بات چیت میں حسن سردار نے کہا کہ کینگروز کے ہاتھوں یکطرفہ ناکامی دیکھ کر مایوسی ہوئی،گرین شرٹس سے غلطیاں ہی غلطیاں ہوئیں جس کا خمیازہ شکست کی صورت میں بھگتنا پڑا،انھوں نے کہا کہ آسٹریلیا ہمیشہ میچ کے آغاز میں اٹیک کر کے حریف کو دبائو میں لانے کی کوشش کرتا ہے۔

لیکن ہماری ٹیم مینجمنٹ نے اس طرف توجہ ہی نہ دی، گیند اپنے قبضے میں رکھ کر کھیل کو ''سلو'' کرنے اور پنالٹی کارنرز لینے کی کوشش کی جاتی، ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ آسٹریلیا نے اٹیکنگ ہاکی کھیلی جبکہ پاکستانی گول کیپر نے خراب کھیل پیش کیا۔ اصلاح الدین نے کہا کہ میچ میں ٹیم کی فٹنس و فزیکل ٹریننگ کا پول کھل گیا، پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کے تیز کھیل کا مقابلہ کرنے میں ناکام رہی، پاسنگ بھی نہایت کمزور رہی اور زیادہ تر''پاس'' آسٹریلوی کھلاڑی ہی روکتے رہے۔


7گول سے واضح شکست پر اصلاح الدین نے کہاکہ ہمارے پلیئرزگھبراہٹ کا شکار دکھائی دیے،باڈی لینگوئج سے ایسا لگ رہا تھاکہ میچ کے آغاز پر ہی شکست تسلیم کر چکے تھے۔لاس اینجلس گیمز1984 کی گولڈ میڈلسٹ ٹیم کے کپتان منظور جونیئر نے کہا کہ حکمت عملی کا فقدان شکست کی وجہ بنا۔

انھوں نے مطالبہ کیا کہ قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد ہاکی فیڈریشن آفیشلز اور سلیکشن کمیٹی کو مستعفی ہو جانا چاہیے۔منصور احمد نے کہا کہ ایک گول کیپر کے ساتھ جانا سنگین غلطی تھی، ہاکی میں انجری کا ڈر زیادہ جبکہ اگر ایک گول کیپر ناکام ہو تو دوسرے کو موقع ملنے کا آپشن باقی رہتا ہے۔
Load Next Story