ورلڈکپ کوالیفائرز میں 10 ٹیمیں قسمت آزمائیں گی

4 مارچ سے زمبابوے میں میچز کا آغاز، 2سائیڈزکو انگلینڈ جانے کا ٹکٹ ملے گا۔

سابق چیمپئن ویسٹ انڈین ٹیم کی موجودگی نے عام ایونٹ کوبھی خاص بنا دیا۔ فوٹو: آئی سی سی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ورلڈ کپ کوالیفائرز کے شیڈول کا اعلان کردیا جب کہ قسمت آزمانے والی 10 ٹیموں میں سے صرف 2 آئندہ برس طے میگا ایونٹ کا ٹکٹ کٹوائیں گی۔

ورلڈ کپ کے ابتدائی 2 ایڈیشنز میں چیمپئن بننے والی ویسٹ انڈین ٹیم کو اس بار میگا ایونٹ تک رسائی کیلیے کوالیفائنگ مرحلے سے گزرنا پڑرہا ہے، اس کی موجودگی نے زمبابوے میں شیڈول اس عام ایونٹ کو بھی غیرمعمولی بنا دیا، 4 سے 25 مارچ کے دوران تین شہروں میں مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے جائیں گے۔

ویسٹ انڈیز کے ساتھ افغانستان، آئرلینڈ اور زمبابوے بھی شوپیس ایونٹ میں جگہ پانے کے مضبوط امیدواروں میں شامل ہیں، یہ ٹیمیں گذشتہ ستمبر کی کٹ آف ڈیٹ تک رینکنگ میں ٹاپ 8 ٹیموں میں جگہ نہ بنا پانے کی وجہ سے براہ راست انٹری حاصل نہیں کرپائی تھیں، ان چار ٹیمیں کو کوالیفائنگ ایونٹ میں ہانگ کانگ، نیدرلینڈز، اسکاٹ لینڈ اور پاپوا نیوگنی جوائن کریں گے، آخری 2ٹیموں کا فیصلہ 8 سے 15 فروری تک نمیبیا میں شیڈول آئی سی سی ورلڈ کرکٹ لیگ ڈویژن 2 سے ہونا ہے۔


کوالیفائرز میں شریک 10 ٹیموں کو2 گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔ اے میں ویسٹ انڈیز، آئرلینڈ، نیدرلینڈز، پاپوا نیوگنی اور ورلڈ لیگ کا فاتح، پول بی میں افغانستان، زمبابوے، اسکاٹ لینڈ، ہانگ کانگ اور ورلڈ لیگ کی رنر اپ ٹیم شامل ہوگی۔ابتدائی راؤنڈ میں ہر ٹیم اپنے گروپ میں شامل دیگر ٹیموں سے مقابلہ کرے گی، تین،تین سپر سکس مرحلے میں جائیں گی، 2 فائنلسٹ ٹیمیں ورلڈ کپ کا ٹکٹ کٹوائیں گی۔

نیدرلینڈز سمیت تین ٹاپ فنشنگ کرنے والی ایسوسی ایٹ ٹیموں کو 2022 تک کیلیے ون ڈے اسٹیٹس ملے گا، ڈچ سائیڈ پہلے ہی ورلڈ کرکٹ لیگ چیمپئن شپ جیت کر یہ اعزازحاصل کرچکی ہے۔

واضح رہے کہ 4 مارچ کو ابتدائی روز میزبان زمبابوین ٹیم ایکشن میں ہوگی جبکہ 6 تاریخ کو ویسٹ انڈیز کا پہلا میچ شیڈول ہے۔
Load Next Story