حکومتی غیر آئینی اقدامات کی مزاحمت کرینگے امتیاز شیخ

الیکشن کمیشن پی پی اور ڈمی اپوزیشن کی ایماء ٹرانسفر اور پوسٹنگ کا نوٹس لے.

زاہد قربان علوی کی جانبداری واضح ہے،سیکریٹری جنرل مسلم لیگ فنکشنل. فوٹو : فائل

پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل) سندھ کے سیکریٹری جنرل امتیاز احمد شیخ نے چیف الیکشن کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سندھ میں نگراں وزیراعلیٰ کی نامزدگی کے فوری بعد پیپلزپارٹی اور ڈمی اپوزیشن کی ایما پر اعلیٰ پولیس افسران اوردیگر اداروں میں کی جانے والی ٹرانسفر اور پوسٹنگ کا فوری نوٹس لے کر ان کی ٹرانسفر کی منسوخی کے احکامات جاری کریں۔

فنکشنل ہاؤس سے جاری اعلامیے میں امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ سندھ میں نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) زاہد قربان علوی پر سوائے حکمراں جماعتوں کے اپوزیشن کی تمام جماعتوں کے شدید تحفظات ہیں اور انھوں نے حلف اٹھاتے ہی سندھ کے ان اضلاع میں جوکہ مسلم لیگ فنکشنل کے مضبوط گڑھ ہیں وہاں پر اعلیٰ پولیس افسران کے تبادلے کرکے پیپلزپارٹی سے اپنی وابستگی کا ثبوت دیا ہے۔




انھوں نے کہا کہ نگراں وزیراعلیٰ کی جانبداری کسی بھی شک و شبہے سے بالاتر ہے ان کی تمام تر ہمدریاں پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں فنکشنل مسلم لیگ نے اسی بنیاد پر جسٹس (ر) زاہد قربان علوی کی نامزدگی کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے،فنکشنل لیگ نگراں حکومت کی ہر غیر آئینی اور غیر قانونی احکامات کی عدلیہ سمیت ہر محاذ پر مزاحمت کرے گی۔
Load Next Story