جلسے سے عمران کی مقبولیت نہیں بڑھے گی اخوندزادہ چٹان

لاہوری گھرسے نہیں نکلے ،زعیم قادری،عمران تنقید کیلیے زرداری کوبھول جاتے ہیں، ہمایوں اختر.

مخالفین کی خام خیالی ہے کہ لاہوری ہمیں چھوڑگئے ہیں،محمود الرشید کی تکرار میںگفتگو فوٹو : فائل

ن لیگ کے رہنما زعیم قادری نے کہا ہے کہ عمران خان نے جلسہ کرکے اچھا کیا۔

تاہم وہ ریکارڈ کے لیے کہنا چاہتے ہیں یہ جلسہ 30 اکتوبر کے جلسے کا عشرعشیر بھی نہ تھا، ان کی لاہورکی بدنام زمانہ قیادت کے باعث لاہوری ان کے جلسے میں شرکت کے لیے گھرسے نہیں نکلے۔ ایکسپریس نیوزکے پروگرام تکرار کے میزبان عمران خان سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے الزام لگایا کہ تحریک انصاف نے ڈیڑھ ارب روپیہ لگا کر جلسہ کیا نہ جانے الیکشن کمیشن کدھرہے، ہم جلسے نہیں کام کرتے ہیں۔


پیپلزپارٹی کے رہنما اخوندزادہ چٹان نے کہا کہ بطور سیاسی کارکن یہ سمجھتے ہیں کہ عمران خان نے بہت تاخیرکردی، اس جلسے سے ان کی مقبولیت میں اضافہ نہیں ہوگا، پارٹی الیکشن سے عمران خان نے اپنے لیے مسائل پیداکیے ہیں، تحریک انصاف میں دھڑے بن گئے ہیں جو نظریاتی لوگ ہیں وہ پارٹی میں ٹکٹ کی خاطر شامل ہونے والوں کی مدد نہیں کریں گے اور جو ابن الوقت ہیں وہ نظریاتی لوگوں کی مدد نہیں کریں گے۔



عمران خان نے وعدے توکیے مگر یہ نہیں بتایا کہ وہ کس طرح یہ سب کریں گے۔ قلیگ ہمخیال کے رہنما ہمایوں اختر نے کہا عمران خان کا جلسہ ان کی مقبولیت میں خاطرخواہ اضافہ نہیں ہوگا، پیپلزپارٹی کی وجہ سے عوام پریشان ہیں مگرتنقید کے لیے عمران خان کو نواز شریف ہی یاد رہتا ہے اوروہ زرداری کو بھول جاتے ہیں، وہ صرف پنجاب کے خلاف ہی احتجاج کرتے ہیں جبکہ لوگ نواز شریف کو نجات دہندہ سمجھتے ہیں۔ تحریک انصاف کے رہنما محمود الرشید نے کہا کہ مینارپاکستان کا جلسہ زندگی کے ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لاکھوں لوگوں کا اجتماع تھا اوراسے تاریخ ساز جلسہ کہا جا سکتا ہے، یہ ہمارے مخالفین کی خام خیالی یا خوش خیالی ہے کہ لاہور کے عوام ہمیں چھوڑ گئے ہیں اورانھوں نے جلسے میں شرکت نہیں کی، لاہور میں ہم ن لیگ کا سخت مقابلہ کریں گے۔
Load Next Story