پروٹیزسے سیریز عرفان 11وکٹوں کیساتھ ٹاپ پر رہے

سعید اجمل 8اور جنید خان7 شکار کرنے میں کامیاب، مصباح کے 227رنز نمایاں.

سعید اجمل 8اور جنید خان7 شکار کرنے میں کامیاب، مصباح کے 227رنز نمایاں۔ فوٹو: فائل

جنوبی افریقہ کیخلاف پانچ ون ڈے میچز کی سیریز میں پاکستان کے فاسٹ بولر محمد عرفان 11وکٹوں کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر رہے۔

جنوبی افریقی پیسر ریان میکلیرین نے 10 شکار کرکے دوسری پوزیشن پائی، پاکستانی اسپنر سعید اجمل 8 اور جنید خان نے 7 وکٹوں کے ساتھ بالترتیب تیسرا اور چوتھا نمبر پایا، شاہد آفریدی کے لیے بطور بولر یہ سیریز خالی گئی۔پاکستانی کپتان مصباح الحق 227 مجموعی رنز کے ساتھ نمایاں رہے، ابراہم ڈی ویلیئرز 367رنز بناکر سب سے آگے رہے۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ نے اگرچہ سیریز تو 3-2 سے اپنے نام کرلی لیکن پاکستان نے دو مرتبہ فائٹ بیک کرتے ہوئے خود کو سیریز جیتنے کی پوزیشن میں پہنچایا، پاکستان کی جانب سے چار میچز کھیل پانے والے دراز قامت فاسٹ بولر محمد عرفان سیریز کے سب سے کامیاب بولر کے طور پر ابھرے، انھوں نے 11 وکٹیںلیں، جس میں ان کی بہترین کارکردگی 33رنز کے عوض4 شکار رہی، جنوبی افریقہ کے ریان میکلیرین 5 میچز میں 10وکٹیں اپنے نام درج کراگئے۔


 



ان کی بہترین کاوش 19رنز کے عوض3 وکٹیں رہیں، پاکستانی اسپنر سعید اجمل سیریز کے تمام میچز کھیلنے کے بعد 8وکٹیں لے پائے، جنید خان کے حصے میں 7وکٹیں آئیں، میزبان اسپنر روبن پیٹرسن نے بھی سیریز میں 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، نائب کپتان محمد حفیظ 4وکٹیں ہی حاصل کرپائے، بولنگ آل رائونڈر شاہد آفریدی 5 میچز میں کسی بھی کھلاڑی کو آئوٹ کرنے میں ناکام رہے۔

بیٹنگ میں پاکستان کی جانب سے مصباح 227رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ ابراہم ڈی ویلیئرز نے 367رنز 91.75 کی اوسط سے بناکر پہلی پوزیشن لی، ہاشم آملا204رنز کے ساتھ تیسرے نمبرپررہے، شاہد آفریدی کے 88 کی دھواں دار اننگز کی بدولت مجموعی رنز کی تعداد126 رہی، حفیظ118، یونس خان116،کامران اکمل109، عمران فرحت106 اور شعیب ملک105رنز کے ساتھ مجموعی اسکور کر تہرے ہندسوں تک پہنچانے میں سرخرو ہوئے۔
Load Next Story