بھارت مسئلہ کشمیر کے حل میں سنجیدہ نہیںگورنر سندھ

تمام سیاسی جماعتیں اپنے منشورمیں کشمیرکو اولیت دیں،وزیراعظم آزادکشمیر.

چوہدری مجیدکی15رکنی وفدکیساتھ عشرت العباد سے ملاقات، ادارہ نورحق کادورہ۔ فوٹو فائل

گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العبادخان نے کہاہے کہ پاکستانیوں کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔

ملک کی تمام سیاسی جماعتیں آئندہ انتخابات میں اپنے منشور میں کشمیر کو سب سے زیادہ اہمیت دیں گی، کراچی پاکستان کی معاشی شہ رگ ہے تو کشمیر نظریاتی شہ رگ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گورنرہائوس میں وزیراعظم آزاد جموںوکشمیر چوہدری عبدالمجید کی سربراہی میں آزاد جموںوکشمیر کی پارلیمانی پارٹیوں اور مقبوضہ کشمیر کے رہنمائوں کے وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

قبل ازیں وزیراعظم آزاد جموںوکشمیر چوہدری عبدالمجید کی سربراہی میں 15رکنی وفد نے گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد سے ملاقات کی۔ ملاقات میں گورنرسندھ وزیراعظم آزاد جموںوکشمیر چوہدری عبدالمجید اور دیگر رہنمائوں کی کراچی اور بالخصوص گورنرہائوس آمد پر ان کا شکریہ اداکیا۔ انھوں نے کہاکہ کشمیری قیادت ایسے وقت میں کراچی آئی ہے جب بھارتی سپریم کورٹ کی طرف سے ڈاکٹرافضل گورو کو پھانسی دینے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں حالات ایک مرتبہ پھر کشیدہ ہو گئے ہیں اور کرفیو لگاکر وادی کو جیل میں تبدیل کیاہوا ہے۔




افضل گورو پر بھارتی پارلیمان پر حملے میں ملوث ہونے کا جرم ثابت نہ ہونے کا اعتراف کرنے کے باوجود انڈین سپریم کورٹ نے اجتماعی ضمیر کو مطمئن کرنے کی آڑ میں افضل گورو کو پھانسی دی، یہ عدالتی قتل ہے۔گورنرسندھ نے کہاکہ ایم کیو ایم کی کشمیرپالیسی واضح ہے۔ پاکستانی قوم اور حکومت نے ہمیشہ کشمیری بھائیوں کی سفارتی، سیاسی، اخلاقی حمایت کی ہے اور یہ جاری رہے گی۔ یہ بات قابل تعریف ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے تمام جماعتیں ایک ہیں۔ بھارتی قیادت رو ایتی ہٹ دھرمی چھوڑکر مسئلہ کشمیر کے حل کیلیے اقدامات کرے۔ بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن پر سیزفائر کی خلاف ورزی کرکے 3پاکستانی فوجی جوانوں کو شہید کرناقابل مذمت ہے۔

انھوں نے کہاکہ بھارت خود اقوام متحدہ میں گیاتھا۔ اقوام متحدہ، اوآئی سی، یورپین یونین سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں کا فرض بنتاہے کہ وہ مسئلہ کشمیر حل کرانے میں اپنا کردار اداکریں۔ گذشتہ عرصے کے دوران مقبوضہ کشمیرمیں دریافت ہونے والی ہزاروں گمنام قبریں عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ رہی ہیں۔ دریںاثنا وزیراعظم جموںوکشمیر چوہدری عبدالمجید نے وفد کے ساتھ ادارہ نورحق کا دورہ کیا اور امیرجماعت اسلامی کراچی محمدحسین محنتی سے ملاقات کی۔

قبل ازیں کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ کشمیر کے بغیر پاکستان مکمل نہیں ہے، آج تمام سیاسی جماعتیں ادھورے پاکستان کو مکمل کرنے کے لیے ون پوائنٹ ایجنڈے پر متفق ہیں۔ انھوں نے کہاکہ پاکستان میں پہلی بار جمہوری مدت مکمل ہوئی ہے جس پر میں پاکستان کے عوام اور پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
Load Next Story