لڑکھڑاتی بیٹنگ کو سہارا دینے کے لیے مزید تجربات کا امکان

میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 11 بجے شروع ہوگا۔

ون ڈے میں کلین سوئپ ہونے والے گرین شرٹس کو ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی بچانے کے لالے پڑ گئے۔ فوٹو: اے ایف پی

ون کیویز سے دوسرا ٹی ٹوئنٹی آج آکلینڈ میں کھیلا جائیگا تاہم لڑکھڑاتی بیٹنگ لائن کو سہارا دینے کیلیے مزید تجربات کاامکان ہے۔

پاکستانی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے ٹور میں ابھی تک مسلسل ناکامیوں کا سامنا کیا ہے، ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ کے بعد ویلنگٹن میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں بھی فتح روٹھی رہی،ٹاپ آرڈر بیٹنگ تمام میچز میں فلاپ ہوئی،ایک مقابلے میں ٹیل اینڈرز کی آخر میں مار دھاڑ تو دوسرے میں مڈل آرڈر کی تھوڑی سی مزاحمت دیکھنے میں آئی،1،2 سیشنز کے سوا بولرز کی کارکردگی میں بھی تسلسل نظر نہیں آیا۔

اوپنرز اور مڈل آرڈر میں تجربات کا کوئی فائدہ نہیں ہوا،ابھی تک ٹور کیلیے منتخب پلیئرز میں سے احمد شہزاد کے سوا تمام کو آزمایا جا چکا لیکن کسی کی کارکردگی میں تسلسل دیکھنے کو نہیں ملا، کپتان سرفراز احمد کا پہلے بیٹنگ کا کوئی فیصلہ کامیاب ہوا، نہ بعد میں ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے گرین شرٹس فتح کے قریب بھی نہ پھٹک سکے،ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں اوپنرز فخرزمان اور عمرامین کے بعد تیسرے نمبر پر بیٹنگ کیلیے آنیوالے محمد نواز بھی ناکام ہوئے۔

اس کے بعد بابراعظم اور حسن علی کی مہربانی سے پاکستان اپنا ٹوٹل 105تک پہنچا پایا، آکلینڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں شکست ہوئی تو ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی ہاتھ سے نکل جائیگی،دوسرے میچ کیلیے مہمان ٹیم میں اوپننگ کا ایک نیا تجربہ اور فخرزمان کیساتھ احمد شہزاد کو بھیجے جانے کا امکان ہے۔


آخری ون ڈے اور پہلے ٹی ٹوئنٹی میں ناکام ہونے والے عمرامین کو جگہ خالی کرنا پڑیگی،عامر یامین کو موقع دینے کیلیے حسن علی یا رومان میں سے کسی ایک کو باہر بٹھانے کا فیصلہ بھی کیا جاسکتا ہے،ہیڈ کوچ نوجوانوں کوکھلانے کی پالیسی پر گامزن نہ رہے تو محمد حفیظ کو موقع نہیں ملے گا۔

دوسری جانب محدود اوورز کی کرکٹ میں گرین شرٹس کیخلاف مسلسل 13فتوحات کا اعتماد لیے میدان میں اترنے والے کیویز آکلینڈ کے چھوٹے گرائونڈ پر بڑا ٹوٹل حاصل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، میزبان ٹیم نے اب تک تمام شعبوں میں حریف کوآئوٹ کلاس کیا ہے،یہاں تک کہ اگر اسٹار کو آرام دیکر بنچ پاور میں سے کسی کو موقع دیا گیا تو اس نے بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، کولن ڈی گرینڈ ہوم اور ہینری اس کی مثال ہیں۔

کمر کے پٹھے میں کھچاؤ کی وجہ سے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شرکت کرنے والے کپتان ولیمسن کی واپسی کا امکان روشن ہے،انھوں نے بدھ کو بھرپور پریکٹس کی، ان کی جگہ قیادت کی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے پاکستانی ٹاپ آرڈر کو پریشان کرنے والے پیسر سائوتھی آرام کرینگے، مگر گرین شرٹس کو سکھ کا سانس لینا پھر بھی نصیب نہیں ہوگا کیونکہ ایک اور اسپیڈ اسٹار بولٹ سینئر کی جگہ لینے کیلیے واپس آجائیں گے۔

واضح رہے کہ آکلینڈ کی پچ کو اسپنرز کیلیے سازگار خیال کیا جاتا لیکن گراؤنڈ چھوٹا ہونے کی وجہ سے بولرز کو لائن اور لینتھ کا بہت خیال رکھنا پڑتا ہے،پاکستان کو ان کنڈیشنز کیلیے موزوں بولرز حفیظ اور شعیب ملک کی خدمات حاصل نہیں جب کہ شاداب کو دوسرے اینڈ سے محمد نواز کی معاونت درکار ہوگی، میچ کے دوران بارش کی مداخلت کا امکان نہیں۔
Load Next Story