ایم کیوایم کو کشمیریوں کے دکھ کا ادراک ہےوزیراعظم آزاد کشمیر

سیاسی جماعتیں مسئلہ کشمیرکواجاگر رکھنے کے لیے تسلسل قائم رکھیں،فاروق ستار

چوہدری عبد المجیدسے ملاقات کے بعد نائن زیروپرمیڈیا نمائندوں سے گفتگو۔ فوٹو: فائل

آزادکشمیر کے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کی سربراہی میں آزادومقبوضہ کشمیر کے ایک نمائندہ وفد نے اتوار کی شام ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو عزیزآباد کا دورہ کیا اور رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرز ڈاکٹر فاروق ستار اور محترمہ نسرین جلیل سے ملاقات کی۔

اس موقع پر حق پرست سینیٹر بابرخان غوری بھی موجود تھے۔ وفد میں آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم سمیت دیگر ارکان بھی شامل تھے۔ ملاقات میں وزیراعظم آزادکشمیر نے مسئلہ کشمیر کوایم کیوایم سمیت پاکستان کی سیاسی جماعتوں کی جانب سے بھرپور انداز میں اجاگر کرنے کی اپیل کی۔ ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں کو پریس بریفنگ میں وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ آزاد اور مقبوضہ کشمیر کا نمائندہ وفد نائن زیرو ایم کیوایم کی لیڈرشپ کے پاس اس لیے آیا ہے کہ حق پرستی کی جدوجہد میں ایم کیوایم نے بھی قربانیاں دیں ہیں اور اپنے گھر بار چھوڑے ہیں ، ایم کیوایم کو کشمیریوں کے دکھ اور درد کا احساس ہے ۔




انھوںنے کہاکہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلیے ہم کسی سرمایہ دار اور جاگیردار کے پاس نہیں بلکہ نظریاتی لوگوں کے پاس جارہے ہیں۔ ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے مقبوضہ کشمیر پر واضح موقف اختیار کیاہے جس پر انھیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ پاکستان میں 2013کے عام انتخابات کے شیڈول کا اعلان ہوگیا ہے اورآزاد اور مقبوضہ کشمیر کے وسیع البنیاد نمائندہ وفد کا بھی بنیادی مقصد یہی ہے کہ ہم اپنے منشورمیں مسئلہ کشمیر کو شامل کریں۔

انھوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر جہاں بڑا انسانی مسئلہ ہے وہیں پرمسئلہ کشمیر بر صغیر پاک و ہند کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا بھی ہے جہاں ہزاروں لاکھوں لوگوں نے جان، مال اور عصمتوں کی قربانیاں دی ہیں۔ جب تک مذاکرات کے عمل میں کشمیریوں کو شامل نہیںکیا جاتا اس وقت تک مسئلہ کشمیر کا حل ،خطے میں پائیدار امن قائم کا قیام اور خوشحالی کے سفر کے آغاز کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا ۔
Load Next Story