گورنرکا کے یو جے اورپی ایف یو جے کیلیے7کروڑ کی گرانٹ کا اعلان

انڈوومنٹ فنڈ کیلیے کے یو جے کو 5کروڑ اور پی ایف یو جے کو2 کروڑ روپے ملیں گے

گورنرسندھ نے کہا کہ حکومت آزادی اظہار اور آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے. فوٹو: فائل

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلیے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس اور کراچی یونین آف جرنلسٹس کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں تنظیمیں اپنے ارکان کی بلاامتیاز خدمت کررہی ہیں۔

وہ سیکریٹری جنرل پی ایف یو جے امین یوسف اور صدرکراچی یونین آف جرنلسٹس جی ایم جمالی کی سربراہی میں مشترکہ وفد سے ملاقات کے موقع پرگفتگو کررہے تھے، گورنر نے پی ایف یو جے کے ارکان کے انڈوومنٹ فنڈ کیلیے2 کروڑ اور کے یو جے کیلیے5 کروڑ روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا ۔

انھوں نے کہا کہ کے یو جے کے ارکان کیلیے مجوزہ رہائشی منصوبے میں پانی، سیوریج، بجلی، گیس و دیگر سہولتوں کی فراہمی کے معاملات وہ خود مانیٹر کریں گے، اس سلسلے میں انھوں نے ایک کمیٹی قائم کرنے کا اعلان بھی کیا جس میں تمام متعلقہ اداروں کے نمائندوں کے علاوہ کے یو جے اور گورنر ہاؤس کا نمائندہ بھی شامل ہوگا ۔




گورنر نے کمیٹی کا اجلاس فوری طور پر طلب کرنے کی ہدایت بھی کی، گورنرسندھ نے کہا کہ حکومت آزادی اظہار اور آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے ،صحافیوں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافے کیلیے کی جانے والی کوششوں میں پی ایف یو جے اور کے یو جے کے ساتھ تعاون کرتے رہیں گے، انھوں نے کہا کہ صحافی قابل قدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

اپنے فرائض کی ادائیگی میں انھیں مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے، ملک بھر میں کئی صحافی سچ لکھنے کی پاداش میں شہید بھی کردیے گئے ہیں، صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو مثالی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے ، وفد نے گورنر عشرت العباد کی کوششوں اور تعاون کا شکریہ ادا کیا، وفد میں طاہر نجمی، رفیق بشیر، واجد اصفہانی، سید حسن عباس، عبدالقدوس، فیصل عزیز خان، ایس ایم شکیل، ریحان ہاشمی، اعجاز احمد، شکیل یامین کانگا، علی کاظم اور محمد اصغر شامل تھے۔
Load Next Story