یونس خان کو ایک بار پھر ٹیسٹ تک محدود کرنے کی تیاری

چیمپئنز ٹرافی کے دوران ون ڈاؤن پوزیشن پر اسد شفیق کو موقع دیا جائے گا.

چیمپئنز ٹرافی کے دوران ون ڈاؤن پوزیشن پر اسد شفیق کو موقع دیا جائے گا. فوٹو: فائل

دورۂ جنوبی افریقہ میں مایوس کن کارکردگی کے بعد تجربہ کار بیٹسمین یونس خان کو ایک بار پھر ٹیسٹ کرکٹ تک محدود کرنے کی تیاریاں کر لی گئیں۔

چیمپئنز ٹرافی میں تجربہ کار بیٹسمین کی ون ڈاؤن پوزیشن پر اسد شفیق کو موقع دیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ برس اگست میں سلیکشن کمیٹی نے آسٹریلیا سے ون ڈے سیریز کیلیے35سالہ یونس خان کو ڈراپ کرنے کا کڑوا گھونٹ پیا، اس موقع پر یہ خیال ظاہر کیا جا رہا تھا کہ تجربہ کار بیٹسمین اب صرف ٹیسٹ میں ہی ایکشن میں نظر آیا کریں گے۔

مگر سال کے اواخر میں دورئہ بھارت سے قبل کپتان مصباح الحق کو ایک بار پھر ان کی یاد ستانے لگی، کوچ ڈیوواٹمور بھی ان سے متفق نظر آئے، یوں یونس کی واپسی ہوگئی، اب جنوبی افریقہ کے اہم دورے میں جب ان سے بیحد توقعات وابستہ تھیں تو وہ5 میچز میں ایک ففٹی بھی نہ بنا سکے اور 116رنز تک محدود رہے، آخری میچ میں انھوں نے ڈی ویلیئرز کا کیچ ڈراپ کر کے فتح کی جانب بڑھتے پاکستانی قدم روک دیے، بڑھتی عمر کے اثرات واضح طور پر ان کی کارکردگی میں دکھائی دے رہے ہیں۔




ذرائع کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کیلیے انھیں منتخب نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، بورڈ کے اعلیٰ حکام اور سلیکٹرز میں اس حوالے سے اتفاق پایا جاتا ہے، ذرائع نے مزید بتایاکہ شاہدآفریدی اور عمر گل پر بھی خطرات کے بادل منڈلا رہے ہیں، البتہ دونوں کو ابتدائی اسکواڈ میں شامل کیا جا سکتا ہے۔

چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف مزید دو روز جنوبی افریقہ میں قیام کر کے وطن واپس آئیں گے، اسی دوران سلیکشن کمیٹی بھی اجلاس منعقد کر کے میگا ایونٹ کے ابتدائی30 کھلاڑیوں کا انتخاب کرے گی، فی الحال ابتدائی تبادلہ خیال میں انہی تین ''اسٹار'' پلیئرز کی کارکردگی زیرغور آئی، گوکہ آل راؤنڈر محمد حفیظ بھی سیریز میں ناکام رہے مگر وہ کسی خطرے کی زد میں نہیں ہیں۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ مصباح الحق دورئہ برطانیہ میں قیادت کے منصب پر برقرار رہیں گے تاہم ان کے بولڈ فیصلے نہ کرنے پر بعض ٹاپ آفیشلز ناخوش ہیں، کپتان نے غیرمعیاری کارکردگی کے باوجود حفیظ اور یونس کو پلیئنگ الیون سے باہر نہ کیا، اسد شفیق جیسا باصلاحیت بیٹسمین چانس کا منتظر ہی رہا، اسی طرح مصباح نے لڑ جھگڑ کر عبدالرحمان کو ون ڈے اسکواڈ میں شامل کرایا مگر آفریدی یا شعیب ملک کو ڈراپ کر کے کھلانے کی ہمت نہ کر پائے۔
Load Next Story