پیپلزپارٹی کے ٹکٹوں کے معاملے پر مینارٹی الائنس سے اختلافات

ترجیح فہرست میں ڈاکٹر پال بھٹی کا نام دوسرے،نجمی سلیم کا پانچویں نمبر پر رکھا گیا.

پال بھٹی کی آج صدر زرداری سے ملاقات متوقع، گیلانی اور وٹو سمیت اہم رہنماؤں کی حمایت. فوٹو: فائل

پیپلزپارٹی کی اتحادی اقلیتی جماعت پاکستان مینارٹی الائنس کے درمیان ٹکٹوں کے معاملے پر اختلافات پیدا ہو گئے ہیں۔

پیپلزپارٹی نے قومی اور صوبائی حلقوں میں آل پاکستان مینارٹی الائنس کے امیدواروں کی تجویز کی گئی ترجیحی فہرست کے مطابق ٹکٹ جاری نہیں کیے، پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر پال بھٹی کو بھی قومی اسمبلی کیلیے پہلے نمبر پر ٹکٹ نہیں دیا گیا بلکہ ان کا نام فہرست میں دوسرے نمبر پر رکھا گیا ہے۔ بینظیربھٹو شہیدنے مینارٹی الائنس کے بانی شہباز بھٹی کو 2008 کے الیکشن میں پہلے نمبر پر ٹکٹ جاری کیا تھا۔

2002 میں بھی مینارٹی الائنس کو ترجیح فہرست میں پہلے دو نمبروں پر ٹکٹ دیے گئے تھے، 2002 میں محترمہ بینظیر بھٹو اور سابق وفاقی وزیر شہباز بھٹی کے درمیان باقاعدہ معاہدے کے تحت الحاق ہوا تھا اور بینظیر بھٹو نے شہباز بھٹی کو پیپلز پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا رکن بھی نامزد کیا تھا اور وہ آخری وقت تک ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر رہے۔ بینظیر بھٹو کی خصوصی ہدایت پر مینارٹی الائنس کو صوبائی وضلعی تنظیموں میں بھی نمائندگی دی گئی تھی، سابق ایم پی اے نجمی سلیم شعبہ خواتین پنجاب کی جوائنٹ سیکریٹری بھی تھیں۔




وہ گزشتہ دونوں ادوار میں خواتین کی خصوصی نشست پر ایم پی اے تھیں مگر اس بار انھیں خواتین کی مخصوص نشست پر ٹکٹ ہی نہیں دیا گیا، پیپلز پارٹی نے پنجاب اسمبلی کیلیے اقلیتی امیدواروں کیلیے ترجیح فہرست میں بھی مینارٹی الائنس کے امیدوار تبدیل کر دیے ہیں اور پہلے نمبر پر پیپلزپارٹی مینارٹی ونگ پنجاب کے صدر پرویز رفیق کو ٹکٹ جاری کیا گیا، مینارٹی الائنس نے اس پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

وہ سابق دو ادوار میں پاکستان مینارٹی الائنس کے ٹکٹ پرایم پی اے منتخب ہوئے تھے پیپلزپارٹی سینئروائس چیئرمین یوسف رضا گیلانی کی مداخلت پر مینارٹی الائینس کے نویدعامر کو دوسرے نمبر پر ٹکٹ جاری کیا گیا اس کے بعد پھر پیپلزپارٹی مینارٹی ونگ سے جاوید مسیح اور جان وکٹر کو ٹکٹ دیا گیا۔

پاکستان مینارٹی الائنس کی سابق ایم پی اے نجمی سلیم کو پانچویں نمبر پر جبکہ سابق ایم پی اے طاہرنوید چوہدری کو ساتویں نمبر پر ٹکٹ دیا گیا ہے۔ آل پاکستان مینارٹی الائنس نے اس صورتحال پرشدید احتجاج کیاہے پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر پال بھٹی کی آج صدر زرداری سے ملاقات متوقع ہے جس میں وہ صدر کو اپنے تحفظات سے آگاہ کرینگے۔
Load Next Story