پاک ایران گیس پائپ لائنبھارت کادوبارہ اظہاردلچسپی

ہماری پالیسی امریکاسے ہم آہنگ نہیں،منصوبہ ہمارے لیے سودمندہے،ویراپامولی

ہماری پالیسی امریکاسے ہم آہنگ نہیں،منصوبہ ہمارے لیے سودمندہے،ویراپامولی. فوٹو: اے ایف پی

بھارت نے امریکی دباؤ پر پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے سے علیحدہ ہونے کے بعد ایک بار پھر منصوبے میں دلچسپی کا اظہار کردیا۔

بھارتی وزیرپٹرولیم وقدرتی گیس ایم ویراپامولی نے گزشتہ روز میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ بھارت گیس پائپ لائن منصوبے کے حوالے سے امریکا اور ایران سے رابطے میں ہے تاکہ ایران پر عائد پابندیوں کے حوالے سے تحفظات دور کیے جاسکیں۔ انھوں نے کہاکہ گیس پائپ لائن منصوبے کے بھارت کے لیے سود مند ہونے میں کوئی شک نہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ ایران پر عائد پابندیوں سمیت کئی دیگر حساس معاملات پر بات چیت ضروری ہے جس پر غور کیاجا رہاہے۔ انھوں نے کہاکہ بھارتی کابینہ گیس پالیسی پر غور کے بعد آئندہ 2ہفتوں کے دوران اس کی منظوری دے گی۔ ویراپامولی نے کہاکہ ہماری پالیسی امریکا سے مکمل طور پر ہم آہنگ نہیں لہٰذا ہمیں پالیسی بناتے ہوئے تمام معاملات پر غور کرنا ہوگا۔




انھوں نے کہاکہ گیس پائپ لائن منصوبہ قابل عمل ہے اور ہم تمام چیزوں کو منظم کرنے کی کوشش میں ہیں کیونکہ پانی اور زمین کے مسائل حل طلب ہیں۔ دوسری جانب پاکستانی دفترخارجہ نے کہاہے کہ بھارت گیس پائپ لائن کے حوالے سے رابطہ کرے تو پاکستان ردعمل ظاہر کرے گا۔ بھارت کو منصوبے میں شمولیت کے لیے پاکستان سے بات کرنا ہوگی۔

ترجمان نے کہاکہ بھارت گیس لائن منصوبے میں شمولیت کے لیے باضابطہ رابطہ کرے گا تو ردعمل دیں گے۔ دریں اثنا ترجمان نے کہاہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان سول ایٹمی تعاون عالمی قوانین کے مطابق ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story