ڈیری فارمرز کی من مانی مسترد دکانداروں کا مہنگا دودھ بیچنے سے انکار

ہول سیلرزنے اضافی قیمت مانگی تودکاندار21 جنوری سے7فروری تک بندی کے نرخ کا حساب کرکے ادائیگی کریں گے۔

دودھ کی قیمت بڑھانے پرصارفین3روزتک دودھ کابائیکاٹ کریں،کنزیومر رائٹس پروٹیکشن۔ فوٹو: فائل

کراچی میں دکانداروں نے مہنگا دودھ بیچنے سے انکار کردیا۔

آل کراچی ملک ریٹیلرز ایسوسی ایشن نے شہر بھر کے خوردہ فروشوں کو مطلع کیا ہے کہ کمشنر ہاؤس میں2 فروری کو ہونے والے اجلاس میں دودھ کی موجودہ سرکاری قیمت کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تمام ریٹیلرز اس فیصلے کی پابندی کریں گے ہول سیلرز نے اضافی قیمت کا مطالبہ کیا تو کراچی کے تمام دکاندار21 جنوری سے7 فروری تک کے بندی کے نرخ کا حساب کرکے ادائیگی کریں گے۔

دوسری جانب 6 فروری کو ہول سیلرز اور ڈیری فارمرز کی جانب سے دودھ کی قیمت میں کسی قسم کے غیرقانونی اضافے کی صورت میں نرخ بڑھانے والے ڈیری فارمرز اور تھوک فروشوں سے دودھ کی سپلائی نہیں لی جائے گی ریٹیلرز کی انجمن نے دکانداروں پر زور دیا ہے کہ مہنگا دودھ سپلائی کرنے والے تھوک فروشوں اور ڈیری فامرز کے خلاف تحریری شکایات دودھ کی قیمت کی رسیدوں کے ساتھ کمشنر ہاؤس یا متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کے پاس جمع کرائی جائیں۔


صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی انجمن کنزیومر رائٹس پروٹیکشن کونسل کے چیئرمین شکیل بیگ نے تمام صارفین سے اپیل کی ہے کہ ڈیری فارمرز اور ہول سیلرز کی جانب سے6 فروری کو دودھ کی قیمت بڑھائے جانے کی صورت میں تمام صارفین 3 روز تک دودھ کا بائیکاٹ کریں اور دودھ کی سپلائی محدود کردیں چائے بنانے اور بچوں کو پلانے کے لیے خشک دودھ استعمال کیا جائے تاکہ قیمت میں غیرقانونی اضافہ کرنے والے ڈیری فارمرز اور ہول سیلرز پر اخلاقی دباؤ ڈالاجاسکے۔

واضح رہے کہ ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن نے6 فروری کو دودھ کی قیمت میں غیرسرکاری اضافے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے ڈیری فارمرز کا مشاورتی اجلاس شام 4 بجے طلب کیا گیاہے۔

ادھر ڈیری فارمرز کا موقف ہے کہ ہارمونز کے ٹیکوں کے استعمال پر پابندی کی وجہ سے دودھ کی پیداوار کم ہوگئی ہے ،ہارمونز کے عادی مویشیوں کی جگہ نئے مویشیوں کی خریداری کے لیے بھاری سرمایہ درکار ہے اس لیے دودھ کی موجودہ قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہے۔

ڈیری فارمرز کے مطابق شہری انتظامیہ کی جانب سے ڈیری فارمرز کے خلاف کسی قسم کی کارروائی کی صورت میں جیل بھرو تحریک چلائی جائے گی۔
Load Next Story