قیوم آباد ٹینک میں پانی دیکھنے کیلیے ماچس جلانے سے دھماکا 3 افراد زخمی

دھماکا قیوم آباد بی ایریا گلی 32 کے مکان میں لیتھ مشین کی دکان کے ٹینک میں ہوا، دھماکے کے بعد دکان میں آگ بھڑک اٹھی۔

محمود 90 فیصد ، چوکیدار اور دوسرا ملازم 60 اور 80 فیصد جھلس گئے،برنس وارڈ میں زیر علاج زخمیوںکی حالت تشویشناک ہے۔ فوٹو: فائل

قیوم آباد میں پانی کے زیر زمین ٹینک میں دھماکے سے آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 3 افراد جھلس شدید زخمی ہوگئے۔

قیوم آباد پولیس چوکی کے انچارج سب انسپکٹر سرفراز بلوچ نے بتایا کہ قیوم آباد بی ایریا گلی نمبر 32 مکان نمبر 22 میں لیتھ مشین کی دکان میں بنے ہوئے زیر زمین پانی کے ٹینک میں پانی دیکھنے کے لیے دکان کے ملازمین نے ٹینک کا ڈھکن ہٹا کر جیسے ہی ماچس جلائی ٹینک میں موجود گیس سے دھماکا ہوگیا اور آگ بھڑک گئی جس کے نتیجے میں 3 افراد جھلس کر شدید زخمی ہوگئے جنھیں تشویشناک حالت میں سول اسپتال لے جایا گیا زخمیوں کو طبی امداد کے لیے برنس وارڈ منتقل کر دیا گیا۔


سرفراز بلوچ نے بتایا کہ زخمیوں کی شناخت مشین آپریٹر فرحان ، چوکیدار 50 سالہ حاجی سلمان اور دکان کے دوسرے ملازم 30 سالہ محمود کے نام سے ہوئی ،جھلسنے والوں میں محمود 90 فیصد سے زائد، چوکیدار اور دوسرا ملازم 60 اور 80 فیصد تک جھلس گئے ہیں ڈاکٹر ان کی جان بچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

دھماکے سے ٹینک چھت اور دیواروں کو نقصان پہنچا جبکہ دھماکے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور علاقہ مکین گھروں سے باہر نکل آئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جس پلاٹ پر دکانیں بنی ہوئی تھیں اس کی پہلی منزل پر مالک مکان رہائش پذیر ہے جبکہ دکان کرایے پر دی ہوئی تھی۔
Load Next Story