سلیکٹرز کیلیے معیاری وکٹ کیپر بیٹسمین کی تلاش درد ِسر

چیمپئنز ٹرافی کے ابتدائی اسکواڈ میں کامران کے ساتھ رضوان کو شامل کرنے پر غور.

چیف سلیکٹر آج لاہور پہنچ کر ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی ایونٹ کے میچز دیکھیں گے۔ فوٹو : اے ایف پی

معیاری وکٹ کیپر بیٹسمین کی تلاش سلیکٹرز کیلیے درد سر بن گئی، چیمپئنز ٹرافی کے ابتدائی کھلاڑیوں میں تجربہ کار کامران اکمل کے ساتھ پشاور کے محمد رضوان کو شامل کرنے پر غور جاری ہے۔

دوسری جانب چیف سلیکٹر اقبال قاسم جمعرات کی صبح لاہور پہنچ رہے ہیں، جہاں وہ دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر 30 پلیئرز کا انتخاب کریں گے، اس موقع پر سلیکشن کمیٹی کوچز سے کارکردگی اور ٹرینر و ڈاکٹر سے فٹنس رپورٹ لے گی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کو طویل عرصے سے کسی اچھے وکٹ کیپر بیٹسمین کی تلاش ہے۔

مناسب متبادل نہ مل پانے پر کامران اکمل کو ہی واپس بلا لیا جاتا ہے، مسئلے سے نمٹنے کیلیے بورڈ کیمپ لگا کر غیرملکی کوچ کو طلب کرنے کا فیصلہ کر چکا، مایوس کن دورئہ جنوبی افریقہ کے بعد سلیکشن کمیٹی کو اب چیمپئنز ٹرافی کیلیے ابتدائی 30 کرکٹرز کا انتخاب کرنا ہے، اس کیلیے سب سے بڑا مسئلہ دوسرے وکٹ کیپر کی تلاش کا ہی ہے۔




سرفراز احمد کئی مواقع ملنے کے باوجود کچھ نہ کر سکے، یہی وجہ ہے کہ اب پشاور کے21سالہ پلیئر محمد رضوان پر نگاہیں مرکوزکی جا رہی ہیں، وہ اب تک 35 فرسٹ کلاس میچزمیں1906رنز بنا چکے ہیں، انھیں گذشتہ دنوں افغانستان سے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان اے کی نمائندگی کا موقع بھی دیا گیا تھا۔

دریں اثنا چیف سلیکٹر اقبال قاسم جمعرات کی صبح لاہور پہنچ رہے ہیںجہاں وہ قومی ٹی ٹوئنٹی سپر ایٹ ٹورنامنٹ کے بقیہ تمام میچز دیکھیں گے، سلیم جعفراور اظہر خان پہلے ہی باقاعدگی سے قذافی اسٹیڈیم جاتے رہے ہیں، اقبال قاسم کی آمد کے بعد سلیکٹرز چیف کوچ ڈیوواٹمور اور بولنگ کوچ محمد اکرم سے ملاقات کر کے پروٹیز کے دیس میں شکست کی وجوہات معلوم کرینگے، ٹرینر صبور احمد اور ڈاکٹر سہیل سلیم سے کھلاڑیوں کی فٹنس پر بات کی جائیگی۔
Load Next Story