ٹیسٹ رینکنگ سعیدتیسری پوزیشن سے ہاتھ دھو بیٹھے

ہیراتھ نے چوتھے نمبر پر دھکیل دیا، یونس خان کی ٹاپ 10بیٹسمینوں میں جگہ برقرار.

ہیراتھ نے چوتھے نمبر پر دھکیل دیا، یونس خان کی ٹاپ 10بیٹسمینوں میں جگہ برقرار. فوٹو: فائل

سعید اجمل ٹیسٹ رینکنگ میں تیسری پوزیشن سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

رنگانا ہیراتھ نے انھیں چوتھے نمبر پر دھکیل دیا، یونس خان ٹاپ 10 بیٹسمینوں میں جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے، اظہر علی کو ایک درجہ خسارے نے 14 ویں نمبر پر پہنچا دیا، چتیشور پجارا اور میٹ پرائر کی کئی درجے ترقی ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق ٹیسٹ رینکنگ میں سعید اجمل کے زوال کا سلسلہ جاری ہے ، وہ اب تیسرے سے چوتھے نمبر پر چلے گئے،ان کی جگہ سری لنکا کے رنگانا ہیراتھ نے سنبھال لی ہے،ڈیل اسٹین سرفہرست اور دوسرے نمبر پر ورنون فلینڈر موجود ہیں۔


ٹاپ 20 میں شامل دوسرے پاکستانی بولر عمرگل کی پوزیشن19 ویں ہے۔ بیٹنگ میں یونس خان نویں اور مصباح الحق 15 ویں پوزیشن بچائے ہوئے ہیں تاہم اظہر علی کو ایک درجے خسارے نے 14 ویں نمبرپر پہنچا دیا۔ ٹاپ پوزیشن بدستور ہاشم آملا کے پاس ہے تاہم ویسٹ انڈیز کے شیونرائن چندرپال نے ابراہم ڈی ویلیئرز سے دوسری پوزیشن چھین لی۔ کمارسنگاکارا نے ایک درجے ترقی سے آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک کو پانچویں نمبر پر پہنچا دیا۔



بیٹنگ میں سب سے بڑی ترقی بھارتی بیٹسمین چتیشور پجارا اور میٹ پرائر کو ملی، نیوزی لینڈ کے خلاف آخری ٹیسٹ کے ہیرو پرائر نے جہاں 110 رنز بناکر میچ اور سیریز بچائی وہیں ایک ساتھ 4 درجے چھلانگ لگا کرکیریئر بیسٹ745 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلی بار 10 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ دوسری جانب آسٹریلیا کیخلاف آخری ٹیسٹ میں ناٹ آؤٹ 82 رنز بناکر بھارت کو فتح دلانے ولے چتیشور پجارا کو 5 درجے ترقی ملی، اس طرح وہ بھی کیریئر بیسٹ ساتویں پوزیشن کے ساتھ 777 ریٹنگ پوائنٹس کے بھی مالک بن چکے ہیں۔ آل راؤنڈرز میں جیک کیلس نے بنگلہ دیش کے شکیب الحسن سے پہلی پوزیشن چھین لی۔
Load Next Story