افغان صدر نے 7 اعلیٰ فوجی افسر معطل 164 جرنیل ریٹائر کر دیے

مذکورہ فوجی حکام کوتفتیش کا سامنا کرنا پڑے گا، فرائض سے غفلت کرنے والا کٹہرے میں آئیگا، صدارتی ترجمان

افغان دارالحکومت میں2 ہفتے قبل وزارت داخلہ کی عمارت کے قریب ایمبولینس کے خودکش حملے میں 103افرادہلاک،250سے زائدزخمی ہوئے تھے۔ فوٹو: فائل

افغان صدر ڈاکٹر اشرف غنی نے دارالحکومت کابل میں حملوں کی تعداد میں بتدریج اضافے کی وجہ سے 2 جرنیلوں سمیت 7 اعلیٰ سطحی فوجی حکام کو معطل اور 164 جرنیلوں کو ریٹائر کر دیا۔

صدارتی محل کے ترجمان شاہ حسین مرتضوی نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ حالیہ دنوں میں دارالحکومت میں بڑھتے ہوئے حملوں میں اپنے فرائض سے لاپروائی برتنے کی وجہ سے صدرغنی نے2 جرنیلوں سمیت کل7 اعلی فوجی حکام کومعطل کر دیا ہے۔


مرتضوی نے کہا ہے کہ مذکورہ فوجی حکام کو تفتیش کا سامنا کرنا پڑیگا اور جس نے بھی اپنے فرائض سے لاپرواہی برتی ہو گی اسے عدالت کے سامنے پیش ہونا پڑیگا۔ انھوں نے مزید کہا ہے کہ غنی نے فوج کے شعبے میں نئی اصلاحات کرنے کیلیے 164 جرنیلوں کو رٹائر بھی کیا ہے۔

واضح رہے کہ افغانستان کے دارالحکومت کابل میں 2 ہفتے قبل وزارت داخلہ کی عمارت کے قریب بم سے مسلح ایمبولینس کے ساتھ کیے گئے خود کش حملے میں 103 افراد ہلاک اور 250 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔
Load Next Story