جامعہ اردو نامیاتی کیمیا کی جدید تجربہ گاہ کا افتتاح

رواں سال جامعہ میں تحقیقی مقاصد کے لیے ڈیڑھ کروڑ روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے

رواں سال جامعہ میں تحقیقی مقاصد کے لیے ڈیڑھ کروڑ روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے. فوٹو: ایکسپریس/فائل

وفاقی اردو یونیورسٹی میں نامیاتی کیمیا کی جدید ترین تحقیقی تجربہ گاہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال نے کہاہے کہ جامعہ اردو میں ہماری پہلی ترجیح تحقیق کا فروغ ہے۔

اس سلسلے میں رواں سال جامعہ میں تحقیقی مقاصد کے لیے ڈیڑھ کروڑ روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے،اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر اقبا ل چوہدری نے کہا کہ جامعات اپنی تحقیق ہی سے پہچانی جاتی ہیں اور جامعات کی تحقیق کی بنیاد پر ہی قومیں عروج پاتی ہیں،ڈاکٹر محمد علی ویرسیانی نے کہا کہ جامعہ کی یہ جدید ترین تجربہ گاہ اعلیٰ تعلیمی کمیشن اور اس شہر کے مخیر حضرات کے تعاون سے تشکیل پائی ہے۔




تجربہ گاہ میں میرے علاوہ ڈاکٹر سید طاہر علی اور ڈاکٹر ساجد جہانگیر ، نامیاتی کیمیا اور کمپیوٹیشنل کیمسٹری کے جدید پہلوؤں پر تحقیق کروارہے ہیں،ڈاکٹر افتخار احمد طاہری نے کہا کہ جامعہ اردو کے طلبا تحقیق کے ذریعے ہی اس قوم کی ترقی کا ذریعہ بن سکتے ہیں،چیئر پرسن شعبہ کیمیا ریحانہ اقبال،ڈاکٹر عفت محموداور دیگر موجود تھے۔

دریں اثنا اردویونیورسٹی اور پائی(پی آئی) لمیٹڈ پاکستان کے درمیان گلشن اور عبدالحق کیمپسز کے اساتذہ و طلبا کے لیے انٹرنیٹ اور وائی فائی سہولتوں کے علاوہ گریجویٹ لیول سے پی ایچ ڈی لیول تک تعلیمی اور تحقیقی مواد کی مفت فراہمی کے لیے مفاہمت کی یادداشت پردستخط ہوگئے، اس موقع پروفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات ظفر اقبال قادر، رجسٹرار ڈاکٹر فہیم الدین، عبداللہ بٹ،سید حیدر رضا مہدی اور ابولرسا بھی موجود تھے،اس موقع پر ڈاکٹر ظفر اقبال نے کہا کہ طالب علموں کی انٹرنیٹ تک رسائی سے انھیں دنیا بھر میں ہونے والی تبدیلیوں سے آگاہی حاصل ہوسکے گی۔
Load Next Story