عباسی اسپتال کے اطراف رینجرز اور پولیس کی چوکیاں قائم کرنے کا فیصلہ

کسی بھی ممکنہ ناگہانی واقعےکی روک تھام کےلیےتمام وسائل بروئےکارلائےجائیں گے،میٹروپولیٹن کمشنرکا ہوم سیکریٹری کو مکتوب.

کسی بھی ممکنہ ناگہانی واقعےکی روک تھام کےلیےتمام وسائل بروئےکارلائےجائیں گے،میٹروپولیٹن کمشنرکا ہوم سیکریٹری کو مکتوب. فوٹو: فائل

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ماتحت چلنے والے عباسی شہید اسپتال کی حدود اور اطراف میں رینجرز اور پولیس کی چوکیاں قائم کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔

اس سلسلے میں میٹروپولیٹن کمشنر نے ہوم سیکریٹری کومکتوب بھی لکھا ہے جس میں کہاگیا ہے کہ عباسی شہیدا سپتال کی حدود اور اطراف میں ہنگامی بنیادوں پر رینجرز اورپولیس کی چوکیاں قائم کی جائیں، انھوں نے عباسی اسپتال میں فول پروف سیکیورٹی پلان مرتب کیے جانے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں بتایا، انھوں نے کہاکہ عباسی اسپتال کراچی کے ضلع وسطی کا سب سے بڑا ٹیچینگ اسپتال ہے جہاں24گھنٹے ایمرجنسی کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

اجلاس میں عباسی شہید اسپتال کے داخلی اورخارجی راستوں پر ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کے لیے فل پروف سیکیورٹی پلان بنایاکا جائزہ بھی لیاگیا اور یہ بھی فیصلہ کیاگیا کہ اسپتال میں غیر متعلقہ افراد کی آمدورفت کو ختم کردیاجائے گا، اسپتال میں کسی بھی ممکنہ ناگہانی واقعات کی روک تھام کیلیے تمام وسائل بروئے کار لائیں جائیں گے، بعدازاں میٹروپولیٹن کمشنر متانت علی خان نے عباسی شہید اسپتال کا تفصیلی دورہ کیا۔




ان کے ہمراہ کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے پرنسپل پروفیسر وقار کاظمی، سینئر ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکیشن محمد اطہر، چیف انجینئر سینٹرل اسد اللہ شاہ، ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ عبدالمالک، ڈائریکٹر میڈیکل سروسز اظفر معید، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ عباسی شہید اسپتال ڈاکٹر ندیم احمد راجپوت، اسسٹنٹ کمشنر نارتھ ناظم آباد شیخ محمد رفیع، ایس پی لیاقت آباد اور دیگر اعلیٰ افسران تھے۔

انھوں نے دورے پر تمام داخلی اور خارجی راستوں کا معائنہ کیا اور متعلقہ تمام اعلیٰ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹروں، پیرامیڈیکل اسٹاف سمیت شہریوں کی جانوں کے تحفظ کے لیے جامع سیکیورٹی پلان بنالیاگیا ہے اور ایسے عوامل پر کڑی نظر رکھی جائے جو لا اینڈ آرڈر کے مسائل پیدا کرتے ہیں، انھوں نے کہا کہ دو بڑے گیٹ عباسی شہید اسپتال کے داخلی اور خارجی راستے پر بنانے کی تجویز ہے اور سیکیورٹی چیک پوسٹ بھی بنائی جائے گی، عباسی شہید اسپتال کے اطراف تمام تجاوزات کا خاتمہ کردیا جائے گا اور اینٹی انکروچمنٹ سیل کے افسران اور عملے کو باقاعدہ تعینات کیا جائے گا۔
Load Next Story