ہنگ پارلیمنٹ اورغیرمعروف نیاوزیراعظم دیکھ رہاہوںشیخ رشید

عمران کا چھکا لگ گیا تو لگ گیا ورنہ سلپ میں کیچ آؤٹ ہیں،فوج مشرف کے ساتھ نہیں

بلاول بھٹو کو بطوروزیراعظم نہیں دیکھ رہا، ’’بات سے بات‘‘ میں ماریہ ذوالفقارسے گفتگو فوٹو: فائل

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاکستان اور اس کے لوگ بہت بے نیاز ہیں، یہ ہنگ پارلیمنٹ منتخب کررہے ہیں جو بہت نقصان دہ ہوگی ۔

اس مرتبہ بھٹو کے نام پر سیاست نہیں بزنس ہونا ہے ۔ جمعے کوایکسپریس نیوز کے پروگرام ''بات سے بات''میں میزبان ڈاکٹر ماریہ ذوالفقار خان سے گفتگو میں انھوں نے کہاکہ نگراں حکومت میں ثابت ہوگیا ہے کہ آصف زرداری نے تاش کے سارے پتے اپنے ہاتھ میں رکھے ہیں اور باقی دکیاں ،چوکیاں پھینک دی ہیں۔اس ملک کو چلانے کے لیے صدر زرداری جیسی بے ایمانیوں کی ضرورت ہے۔ آنے والا الیکشن ملک کے مسائل کا حل نہیں ۔

الیکشن کے بعد ملک میں نارمل صورتحال بہت کم عرصے کے لیے ہوگی ۔ انھوں نے کہا کہ میں الیکشن میں نیا وزیراعظم ایک غیر معروف شخص کو دیکھ رہا ہوں ۔میں فاطمہ بھٹو اور مرتضیٰ سے متاثر تھا لیکن بلاول بھٹو کو بطوروزیراعظم نہیں دیکھ رہا اور یہ میں یقین سے کہہ رہا ہوں ۔جب میں کہتا تھا کہ ساری مسلم لیگیں اکٹھی ہوجائیں تو اس وقت کسی نے میری سنی نہیں، اگر ایسا کرلیا جاتا تو نوازشریف کو اتنی محنت نہ کرنی پڑتی۔ اب پنجاب میں مقابلہ ن لیگ اور پی ٹی آئی میں ہونا ہے۔




سندھ میں فنکشنل پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کا رول دیکھ رہا ہوں اور کسی جماعت کے بارے میں یقین سے کچھ کہا نہیں جاسکتا۔ شیخ رشید نے کہا کہ بلوچستان میں تاریخ کا شفاف اورمنصفانہ الیکشن ہوگا کیونکہ وہاں کے لوگ اپنے معاملات ٹھیک کرلیتے ہیں لیکن پانی پت کا میدان پنجاب میں سجے گا۔ پیپلزپارٹی کو کم تر نہیں سمجھنا چاہیے،اگر عمران خان کا چھکا لگ گیا تو لگ گیا ورنہ وہ سلپ میں کیچ آؤٹ ہے۔عمران خان نے نوجوانوں کو ایک نیا ٹرینڈ دیا ہے۔

اس نے نوجوانوں کو اپنے ساتھ ملایا ہے اور اگر یہ کام نوازشریف بھی کریں تو ان کو بھی سراہنا چاہیے ۔اطلاعات کے حوالے سے میں رحمن ملک کی نسبت ویناملک کو زیادہ اہمیت دیتا ہوںکیونکہ وہ بھارت کی پالیسی سے زیادہ باخبر ہے ۔ میں تو کہتا ہوں کہ پاکستان سے باہر جانے کی بجائے جیل کاٹ لیں مجھے نہیں پتہ کہ مشرف کے ذہن میں کیا ہے لیکن یہ طے ہے کہ فوج اس کے ساتھ نہیں ہے۔ وہ کراچی سے ایم کیو ایم کی مدد سے ایک دوسیٹیں جیت سکتے ہیں ۔
Load Next Story