کپتانوں کی جنگ مصباح نے ’’ پروفیسر‘‘ حفیظ کو سبق سکھا دیا

قومی ٹی 20 سپر ایٹ ایونٹ میں فیصل آباد وولفز نے اعصاب شکن مقابلے میں لاہور لائنز کو 2رنز سے زیر کیا.

قومی ٹوئنٹی 20 سپر ایٹ کرکٹ:سیمی فائنل میں لاہور لائنز کو شکست دینے پر فیصل آباد وولفز کے پلیئرز خوشی سے بے قابو، ناکام بیٹسمین کی مایوس پویلین واپسی ۔ فوٹو : ایکسپریس

کپتانوں کی جنگ میں مصباح الحق نے ''پروفیسر'' حفیظ کو سبق سکھا دیا، فیصل آباد وولفز کی ٹیم اعصاب شکن مقابلے میں لاہور لائنز کو 2رنز سے زیر کرکے فائنل میں پہنچ گئی۔

اسٹارز سے سجی ناکام سائیڈ نے 126کے آسان ہدف کو پہاڑ بنالیا، ناصر جمشید46 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے،حفیظ نے36 رنز بنائے،آخری اوور میں درکار 9رنز بنانے کی کوشش میں 3 بیٹسمین پویلین لوٹ گئے، اننگز میں 4کھلاڑیوں کے رن آؤٹ نے مہم کمزور کی۔

فیصلہ کن معرکے تک رسائی کے دوسرے معرکے میں سیالکوٹ اسٹالینز نے دلچسپ مقابلے کے بعد راولپنڈی ریمز کو 3 رنز سے زیر کیا، فاتح ٹیم نے مرد میدان شعیب ملک کے 44رنز کی بدولت 139 کا مجموعہ پایا،جواب میں راولپنڈی ریمز کی کوشش 136 تک محدود رہی،رانا نوید کی 3وکٹوں نے بازی پلٹنے میں اہم کردار ادا کیا، شعیب نے دو پلیئرز کو آؤٹ کیا۔ تفصیلات کے مطابق قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پہلے سیمی فائنل کے دوران فیصل آباد کی اوپننگ شراکت 22 رنز پر ختم ہوئی، فرخ شہزاد (18) محمد حفیظ کی گیند پر احمد شہزاد کو کیچ دے بیٹھے، 7 رنز کے اضافے سے علی وقاص (11) کو ضیاالحق نے بولڈ کردیا۔

مصباح الحق( 19) ٹیم کا ٹوٹل 74 تک پہنچا کر عدنان رسول کی بولنگ پر وہاب ریاض کا کیچ بنے، مزید 15 رنز کے اضافے سے خرم شہزاد (27) کی ہمت بھی جواب دے گئی، آصف علی 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو اسکور 98 تھا، جہانداد خان ( 4) نے محمد حفیظ کی گیند پر عمر اکمل کو کیچ دیا، محمد سلمان بغیر کوئی رن بنائے کپتان کی تیسری وکٹ ثابت ہوئے، اسی اسکور پر احسان عادل کو وہاب ریاض نے بولڈ کردیا، فیصل آباد وولفز کی کوشش 8 وکٹ پر 125 تک محدود رہی، محمد حفیظ نے 3 اور عدنان رسول نے2 وکٹیں لیں، جواب میں لاہور لائنز نے احمد شہزاد( 5) کی وکٹ کا صدمہ 13رنز پر اٹھایا۔


محمد حفیظ36 کی اننگز کھیل کر ٹوٹل 70 تک لے گئے، انھیں عمران خالد نے ایل بی ڈبلیو کرکے بعد میں عمر اکمل (5) کو بھی چلتا کر دیا، اسٹمپنگ کا موقع محمد سلمان کو ملا، کامران اکمل صرف ایک رن بنا پائے تھے کہ احسان عادل نے وکپ کیپر کا کیچ بنوادیا، پیسر نے علی عظمت کو کھاتہ کھولنے کی مہلت نہ دیتے ہوئے اسکور5 وکٹ پر 89 کردیا، ناصر جمشید کی 46 پر مشتمل اننگز کا رن آؤٹ سے اختتام ہوتے ہی ہدف مشکل نظر آنے لگا، وہاب ریاض 6رنز پر اسی انداز سے آؤٹ ہوئے تو ٹیم کو9گیندوں پر 10 رنز درکار تھے،آخری اوور میں احسان عادل نے پہلی گیند پر چوکا کھانے اور 2 وائیڈزکے باوجود مطلوبہ 9 میں سے 6 رنز بننے دیے، سہیل احمد (19) کی وکٹ انہی کے حصے میں آئی، پانچویں گیند پر عدنان رسول اور چھٹی پر ضیا الحق رن آؤٹ ہوئے تو 123 کا ٹوٹل لاہور لائنز کی ناکامی کا اعلان کر رہا تھا۔



مین آف دی میچ احسان عادل 3 اورعمران خالد 2وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔دوسرے سیمی فائنل میں سیالکوٹ اسٹالینز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، شکیل انصر (7) یاسر عرفات کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے تو ٹیم کا اسکور 23تھا، صرف 7رنز کے اضافے سے شاہد یوسف (16)نے اپنی وکٹ کا تحفہ حماد اعظم کو پیش کیا، رانا نوید 15رنز بنا کر عمر امین کی گیند پر جمال انور کو کیچ تھما کر رخصت ہوئے، منصور امجد 18رنز پر آؤٹ ہوئے تو ٹوٹل 91 تھا، صرف 5رنز کے اضافے سے عدیل ملک (4)کو بولڈ کر کے عمر امین نے تیسرا شکارکیا، 110کے مجموعی اسکور پر شعیب ملک کی 44 رنز پر مشتمل اننگز بھی اختتام کو پہنچی، علی خان نے 5 اور عبدالرحمان نے 9رنز بنا کر سہیل تنویر کو وکٹ پیش کردی، ٹیم مقررہ اوورز میں8 وکٹ پر139 تک محدود رہی، عمر امین نے 3 اور سہیل تنویر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں راولپنڈی کے نوید ملک 7 پر رن آؤٹ ہوگئے، اویس ضیا9رنز بنا کر شعیب ملک کی پُرفریب بولنگ کے جال میں پھنسے ، 20پر 2وکٹیں گرنے کے بعد بابر نعیم 6 رنز بنا کر کپتان کا دوسرا شکار بنے،عمر امین(24) کی اننگز 68 کے ٹوٹل اسکور پر ختم ہوئی،سہیل تنویر (17) عدیل کا دوسرا شکار بنے، 96کے مجموعی اسکور پر 5وکٹیں گرنے کے بعد 3رنز کے اضافے پر حماد اعظم کا رن آؤٹ ہونا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا، دیگر بیٹسمین آخری 13گیندوں پر 19 بنانے کی کوشش میں 3 رنز پیچھے رہ گئے، آخری اوور میں فتح کیلیے 7 رنز درکار تھے مگر تینوں بیٹسمین عمر وحید کا ساتھ چھوڑ گئے، وہ44 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، آخری بال پر 4رنز کی ضرورت تھی مگر اختر ایوب کی بیلز رانا نوید نے فضا میں بلند کرکے تیسری وکٹ حاصل کی، شعیب ملک اور عدیل ملک نے 2،2 وکٹیں لیں۔
Load Next Story