بھارت بلا اشتعال فائرنگ سے باز نہیں آیا

آئے روز بھارت کا شہری آبادی پر فائرنگ کرنا، کھلی دہشت گردی کے زمرے میں آتا ہے

آئے روز بھارت کا شہری آبادی پر فائرنگ کرنا، کھلی دہشت گردی کے زمرے میں آتا ہے۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
لائن آف کنٹرول پر سیزفائر معاہدے کے باوجود اس کی خلاف ورزی کرنا، معصوم اور بے گناہ شہریوں کا نشانہ بنانا، بھارت نے روزکا معمول بنا لیا ہے۔گزشتہ روز بھی ایسا ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا، بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں آٹھ سالہ بچہ سر میں گولی لگنے سے شہید ہوا ، جب کہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے جوابی کرتے ہوئے، بھارتی چوکی تباہ کردی جس کے نتیجے میں 2 بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے ۔

دنیا بھر میں پڑوسی ممالک سرحدی حدود کا احترام کرتے ہیں لیکن بھارت کو 'غنڈہ گردی' کرنے کا مرض لاحق ہوچکا ہے ۔ عالمی قوانین کا احترام نہ کرنا، اس کی عادت بن چکی ہے ،آئے روز بھارت کا شہری آبادی پر فائرنگ کرنا، کھلی دہشت گردی کے زمرے میں آتا ہے جب کہ مقبوضہ کشمیر میں احتجاجی مظاہرین پر پیلیٹ گنزکے استعمال سے اس کا بھیانک اورکریہہ چہرہ پہلے ہی بے نقاب ہو چکا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان فلش پوائنٹ کشمیر ہے، ستر برس پہلے برطانیہ نے جاتے جاتے یہ مسئلہ حل طلب چھوڑ دیا تھا جو آج تک وجہ تنازع بنا ہوا ہے۔اقوام متحدہ کی قراردادوں اور دیگر عالمی معاہدوں کو نظر انداز کرنے میں بھارت کا کوئی ثانی نہیں ۔ تمام تر فوجی قوت کے استعمال کے باوجود وہ کشمیریوں کی تحریک آزادی کوکچل نہیں سکا ۔


ان کا جذبہ حریت آج بھی زندہ ہے اور کشمیریوں نے ستر برس میں اپنے لہوکے چراغ جلائے ہیں۔ بزور قوت وطاقت کسی کو بھی ساتھ نہیں رکھا جاسکتا یہ سادہ سی بات بھارت کی سمجھ میں نہیں آرہی۔ دوسری جانب ایک پریس بریفنگ میں چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوان چون اینگ نے کہا کہ یہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک تاریخی مسئلہ ہے جسے مناسب طریقے سے مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت ہے ، سی پیک منصوبے سے چین کی کشمیر سے متعلق پالیسی تبدیل نہیں ہوگی ۔

پاکستان کی جانب سے گلگت بلتستان کوکشمیرکا حصہ قرار دینے کے منصوبے پر بھارتی اعتراض سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کا پانچواں صوبہ ہے اور پاک چین اقتصادی راہداری سی پیک منصوبہ ان ہی علاقوں کے ذریعے دونوں ممالک کو منسلک کرے گا ۔ بھارت ای لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کرکے حالات کو جنگ کی طرف لے جانا چاہتا ہے تاکہ وہ مذموم عزائم کو عملی جامہ پہنا سکے ، لیکن اس کے تمام مذموم مقاصد کو پاکستانی افواج اور عوام نے مل کر خاک میں ملایا ہے اور آیندہ بھی ملاتے رہیں گے ۔
Load Next Story