بلوچستان فنڈز کی فراہمی کا مستحق ہے

اضافی فنڈزکی جو طلب حکومت بلوچستان نے کی ہے اسے فوری اہمیت دی جانی چاہیے

اضافی فنڈزکی جو طلب حکومت بلوچستان نے کی ہے اسے فوری اہمیت دی جانی چاہیے۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
قدرت کے عطا کردہ بے شمار ظاہر اور پوشیدہ خزانوں کا مرکز بلوچستان ہمارا رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑا صوبہ ہے۔ جو ہرطرح کے معدنی وسائل سے مالا مال ہے،گوادار کی بندرگاہ جدید ایشیا کا گیٹ وے ہے اور پاکستان کی معاشی واقتصادی ترقی کا محور اور امیدوں کا مرکز ہے ۔ آنے والے دنوں کی خوشحالی اور ترقی سے جلن میں مبتلا پڑوسی ملک اور دیگر غیرملکی قوتوں نے اس خوبصورت صوبے کے امن وامان کو اپنی گھناؤنی سازشوں کے ذریعے تہہ وبالا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی تھی۔

ہمارے قومی سلامتی کے اداروں نے عوام کے تعاون سے بلوچستان میں پائی جانے والی شورش پرکافی حد تک قابو پایا جو اس امر پر دلالت کرتا ہے کہ قومی سلامتی پرکوئی سمجھوتا نہیں کیا جاسکتا۔ تازہ ترین خبرکے مطابق بلوچستان حکومت نے وفاقی حکومت سے صوبے بھر میں امن وامان کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے وزارت داخلہ کے توسط سے اضافی فنڈز جاری کرنے کی استدعا کی ہے ۔ اس ضمن میں وفاقی حکومت نے بلوچستان حکومت سے کہا ہے کہ لا اینڈ آرڈر کو برقرار رکھنا صوبائی معاملہ ہے لہذا بلوچستان حکومت صوبے میں امن وامان کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کرے مگر جہاں کہیں بھی وفاقی حکومت کی سطح پر کسی بھی طرح کی مدد درکار ہوگی وفاقی حکومت پوری معاونت فراہم کرے گی۔


جہاں تک اضافی فنڈز کا تعلق ہے اس کے لیے مختص شدہ رقم سے زیادہ فنڈز درکار ہونے کی صورت میں بلوچستان حکومت این ایف سی ایوارڈ میں اپنی تجاویز پیش کرسکتی ہے۔ اس ساری خبرکے متن اور تناظر میں ہم ان سطور کے ذریعے اس حقیقت کی طرف نشاندہی کرنا ضروری سمجھتے ہیں کہ بلوچستان میں امن وامان کے قیام کے لیے اضافی فنڈزکے معاملے کو آیندہ بجٹ یا پھر این ایف سی ایوارڈ کے اجلاس تک اٹھا رکھنے کے معاملات مسئلے کو حل نہیں کریں گے بلکہ طول دیں گے ۔

اضافی فنڈزکی جو طلب حکومت بلوچستان نے کی ہے اسے فوری اہمیت دی جانی چاہیے اور سرعت کے ساتھ اس معاملے کو دیکھا جانا چاہیے کیونکہ صوبے میں مکمل اور پائیدار قیام امن کے لیے ضروری ہے کہ کسی بھی رکاوٹ نہ آنے دی جائے ورنہ سرکاری خط وکتابت ،اجلاسوں اورآیندہ بجٹ تک پلوں کے نیچے سے بہت سے پانی گزر جائے گا۔ بلوچستان میں جتنی زیادہ توجہ مرکوزکی جائے اتنا ہی پاکستان کی سلامتی ، بقا کو استحکام اور ترقی کی راہیں کھلیں گی، روشن پاکستان کا مستقبل پرامن بلوچستان سے جڑا ہوا ہے۔
Load Next Story