رمضان احمد بین الاقوامی ایوارڈ یافتہ موسیقار تھے

یو پی موڑ پر موٹر سائیکل سوار دو ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کیا.

18برس سے سائوتھ افریقہ میں مقیم تھے،کسی سے دشمنی نہیں تھی،بھائی سعید. فوٹو: فائل

نیو کراچی میں فائرنگ کے واقعے میں قتل کیا جانے والا موسیقار رمضان احمد بین الاقوامی ایوارڈ یافتہ تھے۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو نیوکراچی یو پی موڑ سیکٹر 11-H زینت شادی ہال کے قریب نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سوار ملزم کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والا فلیٹ نمبر C-22 سیکٹر 11-Hبنی سعد پلازہ نارتھ کراچی کا رہائشی40 سالہ موسیقار رمضان احمد ولد حاجی مشتاق احمد نے کئی بین الااقوامی ایوارڈ حاصل کیے تھے اور مقتول معروف قوال امجد صابری اور گلوکارہ شازیہ خشک کے ساتھ کئی کنسرٹ کر چکے تھے۔


مقتول کے بھائی سعید احمد نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ مقتول7 بہن بھائیوں میں چوتھے نمبر پر تھے اور گزشتہ 18برس سے سائوتھ افریقہ میں مقیم تھے، مقتول نے وہیں پسند کی شادی کی تھی جس سے ان کے 3 بچے ہیں جن کی عمریں 15سے 20 سال کے درمیان ہیں، رمضان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی، مقتول کے اہلخانہ نے بتایا کہ وہ گزشتہ جمعرات کو رات ساڑھے 11 بجے کے قریب رات کا کھانا کھا نے کے بعد پان کھانے کیلیے پان کے کیبن کے قریب کسی سے فون پر بات چیت کر رہے تھے کہ موٹر سائیکل پر سوار ایک نامعلوم مسلح ملزم نے مقتول کو گولی ماردی اور آسانی سے فرار ہو گیا۔



جس کے بعد مقتول کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے اس کی موت کی تصدیق کردی، اہلخانہ نے بتایا کہ مقتول کی خدمات کے عوض انھیں بھارتی ادارے کی طرف سے اور سائوتھ افریکا میں بھی کئی بین الااقوامی ایوارڈ سے نوازا گیا تھا، مقتول کے اہلخانہ نے اعلیٰ حکام سے انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے، دوسری جانب نیو کراچی پولیس نے قتل کا مقدمہ96/2013 بھائی سعید احمد کی مدعیت میں درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے، ایس ایچ او ناصر بخاری نے ایکسپریس کو بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے جلد اصل ملزمان کا سراغ لگا لیا جائیگا، پولیس نے جائے وقوع سے ملنے والی گولی کے خول کو فارنسک لیبارٹری بجھوا دیا ہے۔
Load Next Story